ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چھوٹے بچوں پر بھاری اسکول بیگ کا بوجھ نہ ڈالنے کا سرکاری حکم - عمل در آمد میں ہو رہی ہے کوتاہی

چھوٹے بچوں پر بھاری اسکول بیگ کا بوجھ نہ ڈالنے کا سرکاری حکم - عمل در آمد میں ہو رہی ہے کوتاہی

Thu, 26 Jun 2025 17:53:23    S O News

بھٹکل ،  26 / جون (ایس او نیوز) محکمہ تعلیمات کی طرف سے چھوٹے اسکولی بچوں پر کتابوں سے بھری بھاری بیگ کا بوجھ نہ ڈالنے، بیگ لیس ڈے کا اہتمام کرنے اور ہوم ورک کا بوجھ بھی نہ ڈالنے کا حکم جاری ہو چکا ہے اور یہ حکم تمام سرکاری، امدادی، غیر امدادی تعلیمی اداروں کے لئے قابل نفاذ ہے ۔ مگر عملاً اس پالیسی کو لاگو کرنے کے سلسلے میں سرکاری افسران اور اسکولوں کے ذمہ داران زیادہ سنجیدہ نظر نہیں آ رہے ہیں ۔
    
بھٹکل  سمیت ریاست کے مختلف علاقوں  کا مشاہدہ کرنے پر چھوٹے چھوٹے بچے بھاری اسکول بیگ اپنی پیٹھ اور کندھوں پر لٹکائے آتے جاتے صاف نظر آتے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے کہ محکمہ تعلیمات عامہ کی طرف سے بچوں کے مفاد اور ان کی جسمانی پرورش کے نقطہ نظر سے جاری کیے گئے حکم کو کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ہے ۔
    
محکمہ تعلیمات عامہ کی ہدایت کے مطابق پرائمری اور ہائی اسکول کے طلبہ کے لئے بیگ لیس ڈے کا اہتمام کیا جانا چاہیے ۔ پہلی سے دسویں جماعت تک کے طلبہ کی کتابوں کے بستے کا وزن طالب علم کے جسمانی وزن کے 10% سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے ۔ پہلی اور دوسری جماعت کے طلبہ کے لئے ہوم ورک نہیں دیا جانا چاہیے ۔  دیکھا گیا ہے کہ سرکاری حکم جانے ہونے کے بعد ابتدائی چند دنوں تک اس پر عمل پیرائی کی کوشش ہوئی اور پھر اس کے اس پالیسی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور وہی وزنی اسکول بیگ اور ہوم ورک کا پرانا سلسلہ اپنی رفتار پر جاری رہا ۔ اب نیا تعلیمی سال شروع ہونے کے بعد تو اس پر کہیں بھی عمل ہوتا نظر نہیں آتا ۔ صاف نظر آ رہا ہے کہ محکمہ تعلیمات کے افسران اور اسکولوں کے ذمہ داران کی جانب سے اس حکمنامے کو نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ 
    
ہلیال کے بلاک ایجوکیشن آفیسر پرمود مہالے نے اس ضمن میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ہیڈ ماسٹروں کو جولائی کے مہینے سے لازمی طور پر سرکاری حکم پر عمل کرتے ہوئے اسکول بیگ کا وزن کم کرنے اور بیگ لیس ڈے منانے کے سلسلے میں سرکیولر جاری کیا گیا ہے ۔ 
    
اسکول بیگ کا وزن کتنا ہونا چاہیے : سرکاری حکم کے مطابق پہلی اور دوسری جماعت کے لئے اسکول بیگ کا وزن 1.5 کلو گرام سے 2 کلو گرام، تیسری سے پانچویں جماعت کے لئے 2 سے  3 کلو گرام، چھٹویں سے آٹھویں جماعت کے لئے 3 سے 4 کلو گرام اور دسویں جماعت کے لئے 4 سے 5 کلو گرام سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے ۔ اس حکم پر عمل پیرائی کی ذمہ داری سرکاری افسران اور اساتذہ پر یکساں طور پر عائد ہوتی ہے ، لیکن ان کی طرف سے کوتاہی برتی جا رہی ہے ۔    


Share: