ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا سمیت تینوں ساحلی اضلاع میں موسلا دھار بارش - محکمہ موسمیات نے جاری کیا 5 دنوں کے لئے ریڈ الرٹ

اتر کنڑا سمیت تینوں ساحلی اضلاع میں موسلا دھار بارش - محکمہ موسمیات نے جاری کیا 5 دنوں کے لئے ریڈ الرٹ

Thu, 12 Jun 2025 12:18:50    S O News
اتر کنڑا سمیت تینوں ساحلی اضلاع میں موسلا دھار بارش - محکمہ موسمیات نے جاری کیا 5 دنوں کے لئے ریڈ الرٹ

کاروار،  12 / جون (ایس او نیوز) اتر کنڑا، اڈپی اور دکشن کنڑا میں بدھ کے دن شروع ہوئی موسلا دھار بارش کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے  تینوں ساحلی اضلاع کے لئے آئندہ پانچ دنوں تک کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔  
    
کل بدھ کے دن ساحلی اضلاع کے لئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا تھا مگر شام کے وقت تینوں اضلاع میں مسلسل بارش شروع ہونے کے بعد 12 جون سے 16 جون تک کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس عرصے میں 200 ایم ایم سے زائد برسات ہونے کی توقع  ہے ۔ خاص طور پر دکشن کنڑا میں پانچ دنوں تک مسلسل برسات ہونے کے امکانات ہیں جبکہ اڈپی اور اتر کنڑا میں درمیانی وقفے میں برسات تھمنے کے آثار ہیں ۔ 
    
تیز رفتار ہوائیں چل سکتی ہیں :محکمہ موسمیات کے مطابق ساحلی اضلاع میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلیں گی جن کی رفتار بعض دفعہ 30-40 کلو میٹر فی گھنٹہ اور کبھی 45-55 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے ۔ 
    
طوفان کا الرٹ جاری کرنے والے تھیرواننت پورم کے مرکز نے کاروار، منگلورو، پانمبور، ہوناور، بھٹکل، گنگولی ، ملپے جیسے ساحلی علاقے کی بندرگاہوں کے لئے تیز ہواوں کے چلنے کا امکان دیکھتے ہوئے خطرے کا 3 نمبر والا سگنل لہرانے کی ہدایت جاری ہے ۔ 

bhatkal-old-bus-stand-rain-4
    چکمگلورو، کوڈاگو، شیموگہ، دھارواڑ، شمالی بیلگاوی ، گدگ جیسے ریاست کے دوسرے اضلاع کے لئے بھی محکمہ موسمیات نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ 
    
اسکولوں کے لئے چھٹی کا اعلان :دکشن کنڑا اور اڈپی ضلع میں موسلا دھار برسات اور محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کیے گئے ریڈ الرٹ کے پس منظر میں آنگن واڑی مراکز اور سرکاری، امدادی ، غیر امدادی پرائیویٹ پرائمری اور ہائی اسکولوں میں آج 12 جون کے لئے چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 
    
دونوں اضلاع کی انتظامیہ کی طرف سے تمام والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نشیبی علاقوں، تالابوں، ندیوں اور نالوں کے قریب جانے نہ دیں ۔ عوام اور سیاحوں کو  ساحلی کناروں اور آبشاروں کی طرف تفریح کے لئے جانے اور وہاں فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی کرنے سے سختی کے ساتھ منع کیا گیا ہے ۔ مچھیروں کو کسی بھی قیمت پر سمندر میں نہ اترنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔
    
ایمرجنسی کی صورت میں رابطہ :اڈپی ضلع انتظامیہ نے ہنگامی حالات پیش آنے کی صورت میں 24x7 دستیاب رہنے والے  ٹول فری کنٹرول روم فون نمبر 1077 پر یا پھر درج ذیل نمبروں پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی ہے :

    اڈپی ڈپٹی کمشنر آفس : 2574802 - 0820
    اڈپی تعلقہ آفس : 2520417 - 08258 
    کارکلا تعلقہ آفس : 230201 - 08258
    کنداپور تعلقہ آفس : 230357 - 08254
    برہماور : 2560494 - 0820
    بیندور : 251657 - 08254
    کاپ :   2551444 - 0820
    ہیبری : 250201 - 08253

bhatkal-old-bus-stand-rain-2
 


Share: