ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گنگولی میں غرقاب ماہی گیروں کے اہل خانہ کو وزیر ماہی گیری نے فراہم کی سرکاری امداد - ماہی گیروں کے لئے لائف جیکیٹس دینے کا کیا وعدہ

گنگولی میں غرقاب ماہی گیروں کے اہل خانہ کو وزیر ماہی گیری نے فراہم کی سرکاری امداد - ماہی گیروں کے لئے لائف جیکیٹس دینے کا کیا وعدہ

Mon, 21 Jul 2025 13:01:25    S O News
گنگولی میں غرقاب ماہی گیروں کے اہل خانہ کو وزیر ماہی گیری نے فراہم کی سرکاری امداد - ماہی گیروں کے لئے لائف جیکیٹس دینے کا کیا وعدہ

گنگولی ،21 / جولائی (ایس او نیوز) حال ہی میں گنگولی کے سمندر میں ماہی گیری کے دوران ڈوب کر ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو وزیر ماہی گیری منکال وئیدیا کے ہاتھوں سرکاری معاوضے کے چیک تقسیم کیے گئے ۔ 
    
سمندر میں غرقابی سے فوت ہونے والے تین افراد کے اہل خانہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری امداد کے طور پر فی کس دس لاکھ روپوں چیک تقسیم کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ برسات کے موسم میں ماہی گیری کے لئے سمندر میں نہ جانا ہی بہتر ہے ۔ اگر جانا ہی ہے تو تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے اور خصوصاً لائف جیکیٹس لازمی طور پر استعمال کرنا چاہیے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ ریاست حکومت ماہی گیروں کو لائف جیکیٹس فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔ حکومت کے پاس اس کے لئے فنڈ موجود ہے ۔ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے ماہی گیری کے لئے ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ضروری فنڈ جاری کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ 
    
وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ مانسون کے موسم میں ماہی گیری بند رہنے کی وجہ سے مچھیروں کے لئے مرکزی حکومت کے فنڈ سے 6 لاکھ روپے  معاوضہ دیا جاتا ہے ۔ ماہی گیری کے دوران فوت ہونے والوں کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے بھی فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جاتا ہے ۔ یہ معاوضہ بھی حاصل کرکے متاثرہ خاندانوں کو فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ گنگولی بندرگاہ میں خستہ حال جیٹی کے باقیات ہٹا کر اس کو نئے سرے سے درست کرنے کے لئے ضروری خرچ کا تخمینہ بنا کر ریاستی حکومت کو دی گئی ہے ۔ اس بندرگاہ  پر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے منصوبے کے لئے 20 کروڑ روپے منظور ہوئے ہیں ۔ اس کے لئے ٹینڈر بھی طلب کیے گئے ہیں ۔ ساحل کنارے کیچڑ اور مٹی نکالنے اور بریک واٹر کی توسیع کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے اقدامات کیے جائیں گے ۔ 
    
وزیر منکال وئیدیا نے بتایا کہ ماہی گیری کے سلسلے میں ملک بھر میں یکساں پالیسی نافذ کرنا ضروری ہے ۔ اسی صورت میں غیر سائنٹفک ماہی گیری پر روک لگانے اور دیگر تمام مسائل حل کرنے کا راستہ نکلے گا ۔ یہ بات مرکزی وزیر ماہی گیری کے علم میں لائی گئی ہے ۔ 
    
بعد ازاں بیندور گیسٹ ہاوس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ماہی گیری کے دوران فوت ہونے والے افراد کے لئے اس سے پہلے فی کس 6 لاکھ روپے معاوضہ دیا جاتا تھا اب اسے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے اور اس میں سے 5 لاکھ فوت شدہ فرد کے ماں باپ کو اور 5 لاکھ اس کی بیوی کو دینے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ماہی گیر کی کشتی یا جال کو نقصان پہنچنے کی صورت میں سرکار کی طرف سے نصف حصہ کی رقم ادا کی جاتی ہے ۔ ریاست میں کانگریسی حکومت بننے کے بعد ماہی گیروں کے لئے مٹی کے تیل کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے ، لیکن مرکزی حکومت کی طرف سے مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی لاگو کرنے کی وجہ سے ماہی گیروں کا بوجھ بڑھ گیا ہے ۔ 


Share: