
منگلورو 8 / جولائی (ایس او نیوز) سورتکل کے کرشنا پورا ہِل سائڈ علاقے میں پیش آئے ایک المناک واقعہ میں دل کا دورہ پڑنے سے ایک نوجوان انجینئرنگ طالب علم کی موت واقع ہوگئی ۔
فوت ہونے والے طالب علم کی شناخت اصغر علی کے فرزند آفتاب (18 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ لڑکا سورتکل میں الیکٹریکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رہا تھا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کل دوپہر کے وقت پیش آیا جب آفتاب نہانے کے لئے غسل خانے کی طرف جا رہا تھا تو اسے اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ زمین پر گر گیا ۔ آفتاب اپنے ماں باپ کے چار بچوں میں اکیلا ہی بیٹا تھا ۔ اس کی تینوں بہنوں کی شادیاں ہو چکی ہیں ۔ کووِڈ وبا کے دوران اس کی والدہ فوت ہو چکی ہے ۔ تب سے گھر پر اصغر علی اور آفتاب دونوں ہی رہتے تھے ۔
بتایا جاتا ہے کہ اصغر علی آٹو رکشہ چلا کر گزارہ کرتا ہے ۔ کل دوپہر ۱۲ بجے تک باپ اور بیٹا دونوں ہی گھر پر موجود تھے ۔ اس کے بعد جب اصغر علی آٹو چلانے کے لئے نکل گیا تو تقریباً ۱ بجے کے وقت آفتاب نہانے کے لئے غسل خانے کی طرف جانے لگا تو دل کا دورہ پڑنے سے وہ فوت ہو گیا ۔