منکی (ہوناور تعلقہ) 7 جون (تعظیم قاضی / ایس او نیوز) – منکی میں عیدالاضحیٰ کی نماز دوگانہ ادا کرنے کے بعد، جامع مسجد کے امام و خطیب اور قاضی منکی مولانا شکیل احمد سکری ندوی نے خطبہ عید میں فرمایا کہ عید قربان ہمیں خوشیاں بانٹنے، دلوں سے کینہ، حسد اور بغض ختم کرنے، اور ایک دوسرے کے قریب آنے کا پیغام دیتی ہے۔
انہوں نے موجودہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چاہے حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں مایوسی سے بچتے ہوئے حوصلے بلند رکھنے چاہئیں۔ اگرچہ مشکلات آئیں، ہمیں اپنے اندر صبر، برداشت اور جذبات پر قابو رکھنے کی صفت پیدا کرنی چاہیے۔ یہی دراصل عید کا اصل پیغام ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ اللہ کی وحدانیت پر ایمان کو کسی حال میں ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ ملک میں نفرت کی ہواؤں کے درمیان یہ عید محبت اور اخوت کا پیغام عام کرنے کی دعوت دے رہی ہے۔
مولانا شکیل ندوی نے فلسفہ قربانی، حضرت ابراہیمؑ کے واقعے اور سنتِ ابراہیمی پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ عید الاضحیٰ ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ ہم اپنی محبوب ترین چیز بھی اللہ کی رضا کے لیے قربان کرنے کا جذبہ رکھیں۔
نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد لوگوں نے گلے مل کر ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی، جس کے بعد گھروں میں قربانی کا سلسلہ شروع ہوا، جو تین دن تک جاری رہے گا۔ منکی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے سنتِ ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دی۔
عید کے موقع پر مقامی پولیس نے مناسب حفاظتی انتظامات کیے تھے، اور پولیس اہلکار مسجد کے باہر تعینات رہے تاکہ امن و امان قائم رہے۔