ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بینگلورو: کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل کو ای ڈی نے کیا گرفتار

بینگلورو: کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل کو ای ڈی نے کیا گرفتار

Wed, 10 Sep 2025 12:45:56    S O News

کاروار، 10 / ستمبر (ایس او  نیوز) کاروار - انکولہ حلقے سے منتخب رکن اسمبلی کو پھر ایک بار گرفتار کیا گیا ہے، مگر اس بار یہ کارروائی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)  کے ذریعے کی گئی ہے ۔ 
    
خیال رہے کہ پچھلے دنوں کاروار میں مقامی ایم ایل اے ستیش سئیل کے سداشیوگڑھ والے مکان کے علاوہ گوا، ممبئی اور دہلی میں ان کی خام لوہا رفت کرنے والی کمپنی سے متعلقہ ٹھکانوں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے مارے گئے چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں نقدی کے علاوہ بینک کھاتے میں بھاری رقم اور سونے کے بسکٹس موجود ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا جسے ای ڈی نے ضبط کر لیا تھا ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ اب اسی معاملے میں ای ڈی نے ستیش سئیل کو بینگلورو میں گرفتار کیا ہے ۔ گرفتاری کے بعد ستیش سئیل کو منتخب عوامی نمائندوں کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ 
    
کاروار کے سداشیوگڑھ میں واقع ایم ایل اے ستیش سئیل کے مکان اور دیگر ٹھکانوں پر ای ڈی کے ٹیم نے 13 اگست کو چھاپہ ماری کی تھی جس کے دوران تلاشی کا سلسلہ 14 اگست تک چلتا رہا ۔ کاروار میں جس وقت ای ڈی کا چھاپہ پڑا تھا تب ستیش سئیل شہر میں موجود نہیں تھے ۔ 
    
غیر قانونی طور پر مینگنیز رفت کرنے اور منی لانڈرنگ سے متعلقہ معاملے کی چھان بین کے تعلق سے کی گئی چھاپہ ماری اور تلاشی مہم ختم ہونے کے بعد 17 اگست کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اس کی تفصیلات  سوشیل میڈیا پلیٹ فارم x پر اپنے آفیشیل ہینڈل سے جاری کی تھی جس کے مطابق اس چھاپے کے دوران ستیش سئیل کے مختلف ٹھکانوں سے 1.68 کروڑ روپے نقد، زیورات اور بسکٹس کی شکل میں  6.75 کلو گرام سونا اور بینک کھاتوں میں ڈپازٹس کی شکل میں 14.13 کروڑ روپے موجود ہونے کا پتہ لگایا گیا تھا اور ان تمام چیزوں کو ضبط کر لیا گیا تھا ۔ 
    
یاد رہے کہ اس سے قبل اکتوبر 2024 میں ستیش سئیل کو غیر قانونی طور پر خام لوہا رفت کرنے کے معاملے میں بینگلورو میں واقع منتخب عوامی نمائندوں کی عدالت سے سزا سنائی گئی تھی ۔ جس کے بعد ستیش سئیل نے ہائی کورٹ سے ضمانت  حاصل کی تھی ۔ اب اسی معاملے میں منی لانڈرنگ کے تعلق سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کارروائی کی ہے ۔     


Share: