ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: دھرمستھلا میں یوٹیوبرز پر حملہ؛ جھوٹی خبریں پھیلانے کا الزام، سینکڑوں افراد پولیس تھانے کے باہر سراپا احتجاج

منگلورو: دھرمستھلا میں یوٹیوبرز پر حملہ؛ جھوٹی خبریں پھیلانے کا الزام، سینکڑوں افراد پولیس تھانے کے باہر سراپا احتجاج

Wed, 06 Aug 2025 20:01:36    S O News
منگلورو: دھرمستھلا میں یوٹیوبرز پر حملہ؛ جھوٹی خبریں پھیلانے کا الزام، سینکڑوں افراد پولیس تھانے کے باہر سراپا احتجاج

مینگلور، 6 /اگست (ایس او نیوز ) دھرمستھلا کے نیتراوتی پانگل علاقے میں اُس وقت سخت کشیدگی پھیل گئی جب چار یوٹیوبرز پر مقامی افراد نے حملہ کردیا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ان یوٹیوبرز نے ایک باوقار اور معزز خاندان پر جھوٹے الزامات عائد کیے، جس پر علاقے کے عوام میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ جیسے ہی یوٹیوبرز علاقے میں پہنچے، مشتعل ہجوم نے ان پر حملہ کر دیا اور ان کے کیمروں و دیگر آلات کو نقصان پہنچایا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مداخلت کی اور بھیڑ کو قابو میں لانے کے لیے ہلکا لاٹھی چارج بھی کیا۔

حملے کا شکار ہونے والوں میں اجئے انچن، ابھیشیک، وجے اور ایک دیگر یوٹیوبر شامل ہیں۔ زخمیوں کو اُجیرے کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پانگل کراس کے قریب سینکڑوں افراد جمع ہوگئے اور احتجاج کرنے لگے، جس کے بعد پولیس کو حالات پر قابو پانے میں خاصی جدوجہد کرنی پڑی۔

معاملہ کیا ہے؟
دھرمستھلا میں حالیہ دنوں  مبینہ غیر فطری موت کا واقعہ پیش آنے کے تعلق سے   ایک نامعلوم شکایت کنندہ کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر چھان بین جاری ہے اور پورے واقعے کی تحقیقات کے لئے خصوصی ایس آئی ٹی  ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔جس کے بعد تحقیقاتی  ٹیم موقع پر پہنچ کر گہرائی سے چھان بین کر رہی ہے۔ فی الحال ٹیم ایک مخصوص جگہ کو کھود کر انسانی باقیات اور ہڈیوں کی تلاش میں مصروف ہے، تاکہ واقعے کی حقیقت سامنے لائی جا سکے۔

یوٹیوبرز کے خلاف الزامات کیا ہیں؟
اس معاملے کی رپورٹنگ کئی میڈیا ادارے اور یوٹیوبرز کر رہے ہیں، مگر مقامی افراد کا الزام ہے کہ چند یوٹیوبرز دانستہ طور پر جھوٹ پر مبنی ویڈیوز بنا رہے ہیں، جس میں دھرمستھلا اور ایک معزز خاندان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ یوٹیوبرز سنسنی خیز اور جھوٹے دعوے کرکے علاقے کی شبیہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اسی ناراضگی کے دوران، بدھ کو تقریباً 40 یوٹیوبرز دھرمستھلا پہنچے تاکہ کیس پر رپورٹنگ کر سکیں۔ جب مقامی افراد کو ان کی آمد کا علم ہوا، تو انہوں نے شدید احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران یوٹیوبرز اور مقامی افراد کے درمیان بحث و تکرار ہوئی، جو دھکا مکی اور ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

چار یوٹیوبرز پر حملہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔

کشیدگی میں شدت
عینی شاہدین کے مطابق، نوک جھونک اور دھکا مکی کے دوران ماحول کافی کشیدہ ہو گیا۔ مقامی افراد کے حملے کے مناظر کئی موبائل فونز میں قید ہو گئے، جب کہ کچھ یوٹیوبرز کے کیمروں کو توڑے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مقامی لوگوں  کے مطالبات
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایس آئی ٹی کی تحقیقات سے سچائی سامنے آئے گی، مگر چند یوٹیوبرز قبل از وقت فیصلے سنا کر علاقے کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے اور جھوٹ پر مبنی ویڈیوز کی اشاعت پر پابندی لگائی جائے۔

فی الحال دھرمستھلا پولیس تھانے کے باہر لوگ احتجاج کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ علاقے کے بارے میں جھوٹ پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس عوام کو سمجھانے اور حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔


Share: