منگلورو 16 / جون (ایس او نیوز) دکشن کنڑا میں موسلا دھار برستی بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر نقصانات پہنچنے، گھروں میں پانی گھسنے اور پہاڑی کھسکنے کے معاملات پیش آئے ہیں اور معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں ۔ کیتیکل علاقے میں نیشنل ہائی وے 169 پر دوبارہ چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا اور بارش جاری رہنے کی صورت میں مزید پہاڑی کھسکنے کے آثار نظر آ رہے ہیں ۔ کھسکی ہوئی پہاڑی کا ملبہ بڑی مقدار میں ہائی وے پر گرنے کی وجہ سے سڑک کی ایک جانب سے ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی ہے اور صرف دوسری جگہ سے گزرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ ہائی وے کے توسیعی منصوبے کی ٹھیکیدار کمپنی ڈی بی ایل نے ملبہ ہٹانے کی کارروائی شروع کی ۔
ویٹ ویل کو خطرہ : منگلورو میونسپل کارپوریشن کی طرف سے تقریباً 7 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے ویٹ ویل کو بڑا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ یہ ویٹ ویل اس علاقے میں ہے جہاں گزشتہ سال چٹان کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ یہاں جدید ترین ٹیکنالوجی سے تعمیر کی گئی رکاوٹی دیوار (گیابین وال) پوری طرح ڈھلکنے لگی ہے ۔
کنکن ناڑی میں کمپاونڈ کی دیوار گری : کنکن ناڈی میں واقع ایک پرائیویٹ اسپتال کے کمپاونڈ کی دیوار سڑک پر گر گئی جس کی وجہ سے آمد و رفت کے لئے سڑک بند ہوگئی ۔ دیوار کا ملبہ بجلی کے کھمبے پر گرنے کی وجہ سے اس علاقے میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ۔ یہاں سے ملبہ ہٹانے کی کارروائی جاری ہے ۔ ڈّونگر کیری کے کئی گھروں میں برساتی پانی گھس گیا، جس کی وجہ سے گھر کے اندر موجود ساز و سامان کو نقصان پہنچا ہے ۔
جوکٹے - پڈیل ریلوے ٹریک کی مرمت : شہر کے باہری علاقے جوکٹّے اور پڑیل کے بیچ زمین کھسکنے کی وجہ سے ریلوے ٹریک کو جو نقصان پہنچا تھا اس کی مرمت کا کام کل شام تک پورا کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ یہاں سنیچر کے دن زمین کھسکنے کا واقعہ پیش آیا تھا اور ریلوے کی دو پٹریوں کو نقصان پہنچا تھا ۔ اس کے نتیجے میں اس روٹ پر ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سے کچھ تاخیر کے ساتھ چل رہی ہیں ۔
وٹلا میں بھی پہاڑی کھسک گئی : وٹلا کے کاڈو مٹھ علاقے سے بھی پہاڑی کھسکنے کی خبر ملی ہے جس کی وجہ سے بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ سڑک کے موڑ پر پہاڑی کھسکنے کے ساتھ درخت اکھڑ کر بجلی کے کھمبوں پر گر گئے اور بجلی کی سربراہی منقطع ہوگئی ۔ اس کے علاوہ اس سڑک پر ٹریفک کی آمد و رفت میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی ۔ رات کے وقت پہاڑی کھسکنے کا واقعہ پیش آتے ہی فائر بریگیڈ، میسکام اور وٹلا پولیس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور عبوری طور پر راحت کاری انجام دی گئی ۔ کل پورا دن سڑک پر سے ملبہ ہٹانے کی کارروائی انجام دی گئی جس کے بعد ٹریفک کے لئے راستہ صاف ہو گیا ۔
بیکمپاڈی میں سڑک پر گرا درخت : نیشنل ہائی وے 66 پر بیکمپاڈی علاقے میں تیز ہواوں کی وجہ سے سڑک کنارے موجود ایک درخت اکھڑ کر گر گیا ، اور اس کے نتیجے میں کچھ وقت کے لئے یہاں سے موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل رہی ۔ خوش قسمتی سے درخت گرتے وقت ہائی وے پر ٹریفک بہت ہی کم تھی جس سے بڑا نقصان نہیں ہوا ۔
بنٹوال تعلقہ میں نقصانات : مسلسل برسات کی وجہ سے بنٹوال تعلقہ میں مختلف مقامات پر نقصانات ہونے کی خبر ہے ۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق کاڈو بیٹو میں رچرڈ نامی شخص کے مکان پر سپاری کا درخت گرنے کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے ۔ کریمگل گرام میں رکاوٹی دیوار گرنے سے شانتا نامی خاتون کے گھر کو نقصان ہوا ہے ۔ ایک اور شخص کا مویشیوں کا باڑا گر گیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً دس مویشی زخمی ہوئے ہیں ۔ اسی طرح کاولپڈور گرام میں بھی ایک مکان کو نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ امٹاڈی گرام میں پہاڑی کھسک کر سڑک پر گر گئی ہے جس کی وجہ سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے ۔ ارلا گرام میں زمین کھسک کر مٹی گرنے کی وجہ سے ایک گھر کو نقصان پہنچا ہے ۔
ایوان ڈیسوزا نے کیا متاثرہ علاقے کا دورہ : شہر میں موسلا دھار برسات کے ساتھ پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے مصنوعی سیلاب کی کیفیت پیدا ہوئی اور کچھ گھروں کے اندر پانی گھس گیا ۔ ایم ایل سی ایوان ڈیسوزا نے بارش سے متاثرہ کوڈیال بیل علاقے کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود جس مکان کو نقصان پہنچا ہے اس میں رہنے والے افراد سے ملاقات کی ۔ ایوان ڈیسوزا نے متاثرہ خاندان کو سرکاری معاوضہ دلانے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے میونسپل کمشنر اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ قدرتی آفت کے زمرے میں جو معاوضہ دیا جاتا ہے وہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر ادا کیا جائے اور ان کے رہنے کے لئے متبادل انتظام کیا جائے ۔
اس کے علاوہ ایوان ڈیسوزا نے مصنوعی سیلاب سے متاثرہ پانڈیشور شیونگرعلاقے میں بھی پہنچ کر لوگوں کا احوال سنا اور ولیج اکاونٹنٹ کو اس علاقے میں بارش اور مصنوعی سیلاب سے جو نقصان پہنچا ہے اس کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے حکومت کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔