بھٹکل، 17 جون (ایس او نیوز): گذشتہ کئی دنوں سے جاری شدید بارش کے نتیجے میں بحیرہ عرب میں پیدا ہونے والے تلاطم اور بلند لہروں کے باعث، ایک مال بردار بارج (Cargo Barge) اپنے اصل جہاز سے علیحدہ ہو کر منگل کی صبح بھٹکل کے جالی بیچ پر بہتا ہوا پہنچ گیا۔
مقامی ماہی گیروں نے صبح کے وقت سب سے پہلے ساحل پر ایک بڑا آہنی پلیٹ فارم نما بارج دیکھا، جس کے بعد فوراً کوسٹل سیکیورٹی پولیس (CSP) کو مطلع کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ سمندر میں خراب موسم اور اونچی لہروں کے سبب بارج کی رَسی ٹوٹ گئی، جس کے بعد وہ بہتے ہوئے ساحل سے ٹکرا گیا۔
واقعے کی خبر عام ہوتے ہی جالی بیچ پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی، جبکہ کوسٹل سیکیورٹی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ کر صورتِ حال کا جائزہ لینے میں مصروف ہو گئی۔

کوسٹل سیکیورٹی پولیس کے ایک افسر نے ساحل آن لائن کو بتایا کہ یہ بارج کوچین شپ یارڈ سے تعلق رکھتا ہے، اور کیرالہ سے ممبئی کی جانب رواں دواں تھا۔ پیر کی شب تقریباً 8 بجے خراب موسم کے سبب بارج جہاز سے علیحدہ ہو گیا۔ افسر نے مزید بتایا کہ شپ یارڈ کمپنی کو مطلع کر دیا گیا ہے، اور اُن کی جانب سے تصدیق ہوئی ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو بھٹکل بھیج رہے ہیں تاکہ بارج کو واپس لے جایا جا سکے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ ایک "فلیٹ ٹاپ بارج" ہے، جو پانی پر تیرنے والا ایک بڑا پلیٹ فارم ہوتا ہے، اور عام طور پر بھاری مشینری، تعمیری سامان یا دیگر مال برداری کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔