بھٹکل، یکم ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے ماوین کوروا بندرگاہ سے بحرِ عرب میں ماہی گیری کے دوران لاپتہ ہونے والے ماہی گیر کی لاش ہفتہ کی صبح اُڈپی ضلع کے بیندور تعلقہ کے کِرُو منجیشور ساحل سے برآمد ہوئی ہے۔
مہلوک کی شناخت منجوناتھ ساتو گوڈا (51) کے طور پر کی گئی ہے، جو بھٹکل کے پڑوسی تعلقہ ہوناور کے اِڈگُنجی گاؤں کے رہنے والے تھے۔ پولیس کے مطابق، منجوناتھ 26 اگست کو بھٹکل کے ماوین کوروا بندر سے سری ساگر پرشین بوٹ پر ماہی گیری کے لیے گئے تھے، مگر اچانک رات کو لاپتہ ہوگئے۔ گھر واپس نہ آنے پر ان کے اہلِ خانہ نے بھٹکل مضافاتی پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی تھی۔
30 اگست کی صبح سویرے، ان کی لاش بیندور پولیس تھانہ حدود کے کِرُو منجیشور ساحل سے برآمد ہوئی۔
بیندور پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق، لاش کا پوسٹ مارٹم بیندور سرکاری اسپتال میں کرانے کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔