بھٹکل، 24 جولائی (ایس او نیوز) — پڑوسی ضلع اُڈپی کے کنداپور تعلقہ کے تراسی نیشنل ہائی وے پر جمعرات کی صبح پیش آئے ایک سڑک حادثے میں بھٹکل کے بزرگ شہری جناب تاج الدین عسکری (76) کا انتقال ہوگیا۔ وہ اپنے فرزند کے ساتھ کار میں سوار ہوکر مینگلور ایئرپورٹ جا رہے تھے، جہاں سے انہیں بینگلور کے لیے فلائٹ پکڑنی تھی۔
حادثہ صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے گنگولی پولیس تھانہ حدود کے مُلّی کٹے جنکشن پر اس وقت پیش آیا جب ایک بائک اچانک سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق، آگے چل رہی ایک گاڑی نے ہمپ پر اچانک بریک لگائی، جس پر پیچھے سے آنے والی ان کی کار کو بھی بریک لگانا پڑا، مگر کار بے قابو ہو کر اُلٹ گئی اور قریب ہی واقع نالے میں جاگری۔ سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث جناب تاج الدین عسکری کو فوری طور پر اُڈپی اسپتال لے جایا گیا، مگر دوپہر تقریباً ایک بجے وہ انتقال کر گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

بھٹکل مسلم کمیونٹی جدہ کے صدر جناب قمر سعدا نے بتایا کہ مرحوم نہایت خوش اخلاق، خاموش مزاج، سنجیدہ، صاحبِ رائے اور خدمت گزار شخصیت کے مالک تھے۔ وہ تقریباً 40 سال تک جدہ میں مقیم رہے اور 38 برس تک ایک ہی کمپنی میں اکاؤنٹس کے اعلیٰ عہدے پر فائز رہے۔ جدہ جماعت میں وہ نائب صدر اور دو بار جنرل سکریٹری کی حیثیت سے قوم و ملت کی خدمت انجام دیتے رہے۔
جماعت کے سابق جنرل سکریٹری عُبیداللہ عسکری نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں، جب حجاج کرام سمندری جہاز کے ذریعے جدہ پہنچتے تھے، مرحوم اپنی ٹیم کے ساتھ ان کی بھرپور خدمت کرتے اور ہر ممکن سہولتیں فراہم کرتے تھے۔ انہیں وطن عزیز کے اداروں سے دلی لگاؤ تھا اور وہ ہمیشہ حاجت مندوں، غریبوں، مفلسوں اور بے سہارا افراد کی مدد کے لیے پیش پیش رہتے۔ جماعت کے سابق صدر جناب نعمان علی اکبرا کے مطابق، مرحوم 2017 میں جدہ کو خیرباد کہہ کر مستقل طور پر بھٹکل منتقل ہو گئے تھے، اور ان کی روانگی کے موقع پر جماعت نے ان کی خدمات کے اعتراف میں تہنیتی نشست کا اہتمام کیا تھا۔
ان کے انتقال پر بھٹکل اور خلیجی ممالک کی مختلف جماعتوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری، دبئی جماعت کے جنرل سکریٹری جیلانی محتشم، اراکین جماعت عبدالمتین ائیکری، اشفاق سعدا، جدہ جماعت کے جنرل سکریٹری فیضان شاہ بندری، سابق صدر عبدالسلام دامدا ابو، فیصل دامودی، مذکر عسکری، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری اور جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی سمیت دیگر کئی ذمہ داران نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے ان کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے، اور ان کی اہلیہ، پانچ بیٹیوں، اکلوتے بیٹے اور دیگر پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
ان کے قریبی رشتہ دار جناب الطاف کولا نے بتایا کہ اُڈپی اسپتال میں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت کو بھٹکل لایا جارہا ہے، جو رات دس بجے تک مولانا آزاد روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعہ کی صبح 10 بجے جامع مسجد بھٹکل میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد تدفین پرانے قبرستان میں عمل میں آئے گی۔