بھٹکل،30 / اگست (ایس او نیوز) بھٹکل تحصیلدار کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق ٹاون میونسپل کاونسل میں گزشتہ تقریباً 28 مہینوں سے خالی پڑے ہوئے صدر کے عہدے کو پُر کرنے کے لئے 8 ستمبر کو انتخاب عمل میں آئے گا ۔
خیال رہے کہ ٹی ایم سی کی اس میقات کا پہلا نصف حصہ دور ختم ہونے کے بعد دوسری نصف میعاد کے لئے صدر کا انتخاب کا عمل اس لئے نہیں ہو سکا تھا کیونکہ یہ سیٹ "درج فہرست ذات خاتون" کے لئے ریزرو کی گئی تھی، اور ٹی ایم سی کے اراکین میں اس زمرے کی کوئی خاتون رکن شامل نہیں ہے۔ اسی وجہ سے نائب صدر الطاف کھروری ہی کارگزار صدر کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے تھے۔
اب پتہ چلا ہے کہ حکومت کی طرف سے اس ریزوریشن میں تبدیل کرتے ہوئے صدر کا عہدہ "درج فہرست ذات" (مرد یا خاتون) کے لئے مختص کیا گیا ہے ، اور اس زمرے کا ایک مرد رکن ٹاون میونسپل کاونسل میں موجود ہے.
اس ضمن میں تحصیلدار کی طرف سے جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق ریاستی حکومت کے محکمہ شہری ترقیات کے انڈر سیکریٹری کی جانب سے ریزرویشن میں ترمیم کی اطلاع دیتے ہوئے21 جولائی کو نوٹی فکیشن موصول ہوا ہے ۔ اسی کے مطابق بھٹکل ٹی ایم سی کی دسویں میعاد کے لئے صدر کو منتخب کرنے کی کارروائی 8 ستمبر کو صبح دس بجے سے 1.30 بجے کے دوران ٹی ایم سی کے میٹنگ ہال میں عمل میں آئے گی اور 28 مہینوں کے طویل وقفے کے بعد جاری میقات کے آخری مرحلے پر ٹی ایم سی کے لئے باضابطہ صدر منتخب کیا جائے گا۔
خبر ملی ہے کہ بھٹکل میونسپالٹی میں درج فہرست ذات کا ایک کونسلر رگھویندرا گوالی ہے، جو آزاد امیدوار کی حیثیت سے کونسلر منتخب ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق میونسپل صدر کے طور پر اس کا انتخاب ہونا طے ہے، مگر صدر کا یہ عہدہ صرف 4 نومبر تک کے لئے ہی ہوگا۔