بھٹکل، 24 / ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین کو سروے کی ذمہ داری سونپنے کے دوران اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ کے قریب والی عمر، صحت کے مسائل اور چلنے پھرنے میں تکلیف جیسی شکایات کا خیال نہ رکھنے کی وجہ سے مشکلات پیش آنے کی بات کہتے ہوئے کرناٹکا راجیہ سرکاری نوکررا سنگھا اور کرناٹکا راجیہ پراتھمک شالا شکشکرا سنگھا کے اراکین نے مشترکہ طور پر تحصیلدار کو میمورنڈم دیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں سروے کی ذمہ داری سے باہر رکھا جائے۔
میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ اساتذہ کو گھروں کی فہرست فراہم کیے بغیر ہی سروے کی کارروائی کے لئے مامور کیا گیا ہے ۔ جس علاقے میں سروے کرنا ہے اس کے حدود واضح نہیں کیے گئے ہیں ۔ سروے کے ایپ میں دکھائے گئے گھروں کی تفصیل اور اصل گھروں کی تفصیلات ایک دوسرے سے میل نہ کھانے کی وجہ سے بھی اساتذہ کو مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔
اس کے علاوہ میمورنڈم میں ایک شکایت یہ بھی کی گئی ہے کہ دیہی علاقوں میں تعینات اساتذہ کو شہری علاقے میں سروے کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس سے وہ متعارف نہیں ہیں ، اس لئے سروے کرنے میں دشواری ہو رہی ہے ۔ سروے کے لئے ضروری اشیاء اور بیگ وغیرہ فراہم نہ کرنے اور ہر ٹیم کو 150 گھروں کا سروے کرنے کا نشانہ دیا گیا ہے جو کہ سروے کرنے والوں کے لئے ایک بوجھ بن گیا ہے ۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ جب تک ان مسائل کو حل نہیں کیا جاتا، اس وقت تک سروے پر مامور کیے گئے اہلکار اس کارروائی میں شامل نہیں ہونگے ۔