ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تعلقہ اسپتال کی نرسوں کا اچانک تبادلہ - محکمہ صحت کے حکم نامے سے پیدا ہوئی بدنظمی

بھٹکل تعلقہ اسپتال کی نرسوں کا اچانک تبادلہ - محکمہ صحت کے حکم نامے سے پیدا ہوئی بدنظمی

Tue, 09 Sep 2025 17:16:14    S O News

بھٹکل 9 / ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ اسپتال میں خدمات انجام دے رہی 17 نرسوں کا بیک وقت اچانک تبادلہ کیے جانے سے اسپتال کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ 
    
بھٹکل تعلقہ اسپتال کی ان 17 نرسوں کو محکمہ صحت کی طرف سے عارضی طور پر شیرالی کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) میں بھیجا گیا ہے۔ ٹرانسفر کی گئی نرسںوں میں مستقل ملازمت والی 8 نرسیں اور این آرایچ ایم کے تحت خدمات انجام دے رہی 9 نرسیں شامل ہیں۔ نئے حکم نامے کے تحت ان نرسوں کو ہفتے میں تین چار دن  شیرالی اسپتال میں بقیہ دنوں میں بھٹکل تعلقہ اسپتال میں خدمات انجام دینے کے لئے کہا گیا ہے ۔ ایسے میں گھر گرہستی اور بچوں کی تعلیم وغیرہ جیسی ضروریات کی پورا کرنے کی ذمہ داری سنبھالنے والی نرسوں کے لئے یہ حکم نامہ ایک بڑی رکاوٹ اور مشکل بن کر سامنے آیا ہے۔
    
بھٹکل تعلقہ اسپتال کے اندرونی نظام میں جو کھینچا تانی چل رہی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 19 نرسوں نے  تحریری طور پراسپتال کی ہیڈ نرس کو ہٹانے کی مانگ کی ہے۔ ایک الزام یہ بھی لگایا جا رہا ہے کہ اسپتال کا نظام اب بھی سابقہ ایڈمنسٹریٹیو ہیلتھ آفیسر کے دباو میں چل رہا ہے۔ اس ایڈمنسٹریٹیو ہیلتھ آفیسر کے  تبادلے کا معاملہ عدالت کی دہلیز پر اٹک گیا ہے جبکہ یہ خاتون میڈیکل آفیسر دوبارہ اسی اسپتال کا نظام اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش میں مصروف ہونے کی سرگوشیاں سنائی دے رہی ہیں۔  فی الحال ڈاکٹر ارون کمار جو میڈیکل آفیسر کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں وہ دباو والے انتظامی امور میں پھنس گئے ہیں ۔ اس کا براہ راست منفی اثر مریضوں کے علاج پر پڑ رہا ہے۔
    
اطلاعات کے مطابق بدنظمی کا یہ عالم ہے کہ مریضوں کے لئے ضروری دوائیاں دستیاب نہیں ہیں ۔ حاملہ خواتین، معمر افراد سرجری وغیرہ کے لئے انتظار میں بیٹھے ہیں ۔ ایسی حالت میں عام مریضوں کو نہ چاہتے ہوئے بھی پرائیویٹ اسپتالوں کو رخ کرنا پڑ رہا ہے۔ 
    
گزشتہ 6 مہینوں سے اسپتال میں زچگی اور خواتین کی ماہر ڈاکٹر موجود نہیں ہے۔ اس لئے لا محالہ قریب میں موجود زچگی کے پرائیویٹ اسپتالوں کی طرف جانا مریضوں کی مجبوری بن گئی ہے۔ 
    
عوام مقامی ایم ایل اے اور ضلع انچارج وزیر پر زور دے رہے ہیں کہ وہ بھٹکل تعلقہ اسپتال کی اس بدنظمی کی طرف فوری توجہ دیتے ہوئے مسائل حل کریں اور عوام کے لئے علاج و معالجے کی سرکاری سہولت سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کا راستہ آسان کرے۔     


Share: