بھٹکل 26 جون (ایس او نیوز) : منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر بھٹکل پولیس کی جانب سے جمعرات کو ایک بیداری ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقامی کالجوں کے طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
ریلی بھٹکل سرکاری اسپتال سے شروع ہوکر شمس الدین سرکل کے راستے تعلقہ دفتر (منی ودھان سودھا) پر اختتام پذیر ہوئی۔ یہ ریلی بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی مہیش کی قیادت میں نکالی گئی، جس میں شری گرو ودیادھیرج نیو انگلش پی یو کالج اور شری گیانی شویری بی ایڈ کالج کے طلبہ و عملے نے شرکت کی۔
طلبہ نے ہاتھوں میں منشیات مخالف نعرے والے پلے کارڈز لے کر مارچ کیا، جس سے عوام کی توجہ اس حساس مسئلے کی طرف مبذول ہوئی۔
بعد ازاں منی ودھان سودھا کے احاطے میں ایک مختصر عوامی جلسہ منعقد ہوا، جس میں ڈاکٹر سرکشت شیٹی (چائلڈ اسپیشلسٹ) نے نوجوانوں میں منشیات کے جسمانی و ذہنی نقصانات پر روشنی ڈالی اور ابتدائی تعلیم، والدین کی نگرانی اور اسکولوں میں کونسلنگ پروگرامز کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پروفیسر وریندرا . شانبھاگ، تحصیلدار ناگیندر کولاشیٹی، اور پی ایس آئی نوین نائک نے بھی خطاب کیا۔ نوین نائک نے طلبہ کو منشیات سے دور رہنے اور معاشرے میں اس کے خلاف بیداری پھیلانے کا اسٹوڈینٹس کو حلف بھی دلایا۔
پروگرام کی نظامت سی پی آئی دیواکر نے کی، جبکہ ڈی وائی ایس پی مہیش نے صدارت انجام دی۔ دیگر کئی پولیس افسران اور اساتذہ بھی موجود رہے۔