بھٹکل، 28 / ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے ہیبلے گرام میں شاردا اتسوا کمیٹی کی سلور جوبلی تقریب کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں سماجی کارکن منجو کی شال پوشی اور تہنیت کی گئی ۔
شہر کے مٹھلّی علاقے میں رہنے والے اس سماجی کارکن منجو کو پورے بھٹکل تعلقہ میں 'منجنّا' کے نام سے پہنچانا جاتا ہے جس نے سماجی خدمات کے لئے اپنے آپ کو وقف کر رکھا ہے ۔ سڑک حادثے ہوں یا کوئی اور آفت اور مشکل کا معاملہ ہو، ہر وقت منجنّا کو مدد کے لئے آگے ہوتے ہوئے اور زخمیوں یا لاوارث لاشوں کو اسپتال میں پہنچاتے ہوئے یا پھر آخری رسومات انجام دینے میں مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔
عزت افزائی اور تہنیت کے اس موقع پر بتایا گیا کہ منجو نے کووڈ کے زمانے میں متاثرین کے بے انتہا مدد کی ہے اور امسال بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں فوت ہونے والے چار پانچ لاوارث افراد کی لاشوں کی آخری رسومات انجام دینے کی کارروائی کی ہے ۔
دماغی طور پر غیر متوازن افراد، یتیموں، غریبوں، بھکاریوں اور بھوکے پیاسوں کی مدد کرنے اور انہیں تعاون فراہم کرنے میں ہمیشہ آگے رہنے والے منجو نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی موت کے بعد وہ ان کے تمام جسمانی اعضاء طبی تحقیق کے لئے اے جے اسپتال کے ریسرچ سینٹر کو عطیہ کر دئے جائیں گے ۔