ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی شاندار تقریب؛ 35 ہونہار طلبہ کو رابطہ گولڈ میڈل، نونہال کی ٹیچر کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ

بھٹکل میں رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی شاندار تقریب؛ 35 ہونہار طلبہ کو رابطہ گولڈ میڈل، نونہال کی ٹیچر کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ

Sun, 27 Jul 2025 00:19:28    S O News
بھٹکل میں رابطہ تعلیمی ایوارڈ کی شاندار تقریب؛ 35 ہونہار طلبہ کو رابطہ گولڈ میڈل، نونہال کی ٹیچر کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ

بھٹکل، 26 جولائی (ایس او نیوز): حسبِ روایت، امسال بھی رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی جانب سے تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو ’’رابطہ گولڈ میڈل‘‘ سے نوازا گیا، جب کہ پہلی مرتبہ دیے گئے ’’بیسٹ ٹیچر ایوارڈ‘‘ کا اعزاز نونہال سینٹرل اسکول کی انگریزی معلمہ محترمہ فاطمہ ویدا صدیقی کے حصے میں آیا۔

اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے وسیع میدان میں دو نشستوں پر مشتمل پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ایس ایس ایل سی، پی یو سی دوم، ڈگری، عالمیت اور دیگر اعلیٰ تعلیمی شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے 35 طلبہ و طالبات کو گولڈ میڈل سے سرفراز کیا گیا۔ موسلا دھار بارش کے باوجود تقریب میں عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جو طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے شریک ہوئی۔

پہلے سیشن میں ڈاکٹرسعود عالم قاسمی کے خطاب کی وڈیوکے لئے یہاں کلک کریں

شام کے دوسرے سیشن میں ڈاکٹرسعود عالم قاسمی کے خطاب کی وڈیوکے لئے یہاں کلک کریں

تقریب کے مہمانِ خصوصی، علی گڑھ مسلم یونیوسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر مولانا سعود عالم قاسمی نے دونوں نشستوں میں تعلیم کی اہمیت پر مدلل اور پُراثر خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیات کے حوالوں سے واضح کیا کہ دین و دنیا دونوں کے علم کا حصول مسلمانوں کے لیے یکساں اہم ہے۔

bhatkal-rabita-award-2

دوسری نشست میں ریاست کرناٹک کے وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہ اور اندرونِ ملک نقل و حمل، جناب منکال وئیدیا نے خطاب کرتے ہوئے بھٹکل کے تعلیمی رجحان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میری پیدائش سے پہلے ہی یہاں کے لوگوں نے انجمن جیسا ادارہ قائم کر کے علم کے چراغ روشن کیے تھے۔‘‘ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ بھٹکل میں تقریباً تمام تعلیمی سہولیات موجود ہیں، صرف ایک میڈیکل کالج کی ضرورت باقی ہے۔

اس سال بہترین اسکول کا "عثمان حسن میموریل رولنگ شیلڈ" علی پبلک اسکول (گرلز) کو دیا گیا، جس نے صد فیصد نتائج درج کر کے بھٹکل کے ملی اداروں میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔

bhatkal-rabita-award-4

تقریب کے دوران قائدِ قوم مرحوم ایس ایم خلیل الرحمن کے انتقال پر تعزیتی پیغامات پر مشتمل کتاب ’’افتخارِ قوم: جناب ایس ایم خلیل الرحمن‘‘ کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ اسی تقریب سے ’’ایس ایم سید خلیل الرحمن بیسٹ ٹیچر گولڈ میڈل‘‘ کا اعلان کیا گیا، جو محترمہ فاطمہ ویدا عبدالطیف صدیقی کو پیش کیا گیا۔ محترمہ فاطمہ ویدا گزشتہ نو سال سے بھی زائد عرصہ سے نونہال سینٹرل اسکول میں سوشیل سائنس اور انگریزی کی تعلیم دے رہی ہیں۔ انہوں نے بی اے اور بی ایڈ مکمل کیا ہے اور فی الحال ایم اے (انگریزی) کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ وہ بھٹکل کے اپنے وقت کے معروف کھلاڑی اور تیز گیند باز انس مُلا کی اہلیہ ہیں۔

تقریب میں رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری نے سالانہ رپورٹ پیش کی، جبکہ صدر جناب عمر فاروق مصباح نے صدارت کی۔ اس موقع پر خلیجی ممالک کی مختلف جماعتوں اور رابطہ سوسائٹی کے ذمہ داران، جناب یونس قاضیا، جناب یاسر قاسمجی، جناب صابرعلی اکبرا، جناب قمرسعدا، جناب جیلانی محتشم، جناب عبدالسلام دامدا ابو، جناب نثار ایم جے، جناب ابوالاعلیٰ محتشم، جناب شہریار خطیب، جناب عمّار قاضیا، جناب آفتاب ایم جے،مولوی تنویر جوشیدی اور مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری سمیت کئی دیگر معززین اور علمائے کرام موجود تھے۔

رابطہ گولڈ میڈل سے سرفراز کیے گئے 35 ہونہار طلبہ و طالبات کی مکمل فہرست درج ذیل ہے:

rabita_awardees_list


Share: