ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: 24 جولائی کو ہوگا رابطہ ایجوکیشنل ایکسلینس ایوارڈ

بھٹکل: 24 جولائی کو ہوگا رابطہ ایجوکیشنل ایکسلینس ایوارڈ

Wed, 02 Jul 2025 20:55:03    S O News
بھٹکل: 24 جولائی کو ہوگا رابطہ ایجوکیشنل ایکسلینس ایوارڈ

بھٹکل، 2 جولائی (ایس او نیوز): بھٹکل میں ہر سال منعقد ہونے والا رابطہ ایجوکیشنل ایکسلینس ایوارڈ اب محض ایک تقریب نہیں، بلکہ ایک تحریک بن چکا ہے، جو ملت کے نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی دکھانے اور نئی بلندیوں کو چھونے کا حوصلہ دیتا ہے۔ تعلیم کے میدان میں مسلسل پسماندگی کے شکار ملک کے مسلمانوں کو اُبھارنے کے مقصد سے، رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی طرف سے گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے، تاکہ طلبہ میں مسابقتی جذبہ بیدار ہو اور وہ تعلیمی سفر کو صرف رسمی نہ سمجھیں بلکہ معیاری اور امتیازی کارکردگی کے ساتھ مکمل کریں۔ اس سال بھی یہ باوقار تقریب 24 جولائی کو اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے میدان میں منعقد ہوگی، جہاں شہر کے مختلف قومی و ملی اداروں سے وابستہ اُن طلبہ کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا جنہوں نے دسویں، بارہویں، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر 95 فیصد یا اس سے زائد نمبرات کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری جناب عتیق الرحمن منیری نے بتایا کہ "ملک کی مسلم اکثریتی ریاستوں میں تعلیمی سطح پر مسلمانوں کی حالت تشویشناک ہے، مگر ہم چاہتے ہیں کہ کم از کم اپنے علاقے میں تعلیمی بیداری پیدا کریں اور نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی طرف مائل کریں۔” انہوں نے بتایا کہ بھٹکل میں انجمن حامئی مسلمین جیسا تاریخی ادارہ گزشتہ سو سال سے سرگرم عمل ہے اوراس کے علاوہ کئی دیگر تعلیمی ادارے بھی خدمت انجام دے رہے ہیں، لیکن ہمیں نوجوانوں کی مزید حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ دیگر قوموں کے طلبہ سے پیچھے نہ رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رابطہ سوسائٹی کی جانب سے انہی نوجوانوں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے جو نہ صرف نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہیں بلکہ ہمارے تعلیمی اداروں کے وقار میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔ اس سال بھی رابطہ سوسائٹی اُن طلبہ کو خصوصی ایوارڈ سے نوازے گی جنہوں نے 95 فیصد یا اس سے زیادہ نمبرات حاصل کیے ہیں۔

جناب عتیق الرحمن منیری نے بتایا کہ اس باوقار تقریب میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پروفیسراورآل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے انتظامی رکن ڈاکٹر سعود عالم مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے، جبکہ کرناٹک کے وزیر اور ضلع اُترکنڑا کے انچارج وزیر منکال وئیدیا اعزازی مہمان ہوں گے۔

بدھ کو رابطہ دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اخبارنویسوں کو ایوارڈ کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے رابطہ تعلیمی ایوارڈ کمیٹی کے کنوینر مولوی صابرعلی اکبرا نے بتایا کہ بھٹکل کے قومی و ملی اسکولوں کے دسویں جماعت کے 95 فیصد اور اس سے زائد مارکس حاصل کرنے والے تین ٹاپرس اور بارہویں جماعت کے آرٹس، سائنس اور کامرس کے 95 فیصد یا اس سے زائد مارکس کے ساتھ کامیاب ہونے والے ایک ایک ٹاپر کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اسی طرح گریجویٹ میں بی اے، بی کام، بی ایس سی، بی بی اے، بی سی اے، بی بی ایم، بی ایڈ اور پوسٹ گریجویشن کے ایک ایک ٹاپر کو بھی منتخب کیا جائے گا۔

 علاوہ ازیں، خلیجی ممالک اور اندرون ہند کے مختلف شہروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ جامعہ اسلامیہ اور جامعۃ الصالحات اسی طرح کینرا مسلم خلیج کونسل کے ماتحت آنے والے اسکول و کالج کے امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے ہونہار طلبہ کو بھی رابطہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ جن کے لئے مارکس کی علیحدہ کیٹیگریس ترتیب دی گئی ہے۔ اسی طرح ضلع اُترکنڑا میں سے سے ٹاپ کرنے والے ایک اسٹوڈینٹ کو بھی رابطہ کے خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مولوی صابر علی اکبرا نے بتایا کہ کم و بیش 35 طلبہ کو رابطہ ایوارڈ سے نوازے جانے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی بیسٹ (ملّی) اسکول اور بیسٹ ٹیچر کو بھی ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

رابطہ سوسائٹی میں بلائی گئی پریس کانفرنس میں بھٹکل مسلم جماعت مسقط کےصدر جناب ایم جے نثار بھی موجود تھے، جنہوں نے آخر میں کلمہ تشکر پیش کیا۔


Share: