بھٹکل 13/مئی (ایس او نیوز) : منگل کو بھٹکل کے تعلقہ پنچایت کے اجلاس ہال میں منعقدہ سہ ماہی کے ڈی پی میٹنگ میں ضلع اُترکنڑا کے انچارج وزیر مَنکال ویدیا نے افسران کی بھرپور کلاس لی، البتہ میٹرک میں سرکاری اسکولوں کے بہترین پرفارمینس پر اسکول انتظامیہ اور ٹیچروں کی حوصلہ آفزائی بھی کی۔
صحت کے شعبے کے پیش رفت جائزے کے دوران، وزیر ویدیا نے اجلاس میں شریک حکام کو ہدایت دی کہ اسپتالوں میں سیاست کا کوئی گزر نہیں ہونا چاہیے، اور فوری طور پر اس عمل کو ختم کرنے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیاست کرنا ہے تو ان کے ساتھ مل کر کرے۔ اس کے علاوہ، وزیر نے کہا کہ اسپتال میں مریضوں کو بہترین خدمات اور ادویات فراہم کی جائیں تاکہ لوگوں کو کوئی مسئلہ پیش نہ آئے۔

وزیر ویدیا نے بتایا کہ تعلقہ میں دو گؤشالائیں ہیں اور ان گؤشالاؤں کے لیے حکومت کی طرف سے 11 لاکھ روپے سالانہ، 2.5 لاکھ روپے بائیلور کی گؤشالہ اور 2.5 لاکھ روپے چتراپور کے مٹھ کی گؤشالہ کو دیے گئے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ دودھ دینے والی گایوں کے مرنے پر بھی کسانوں کو حکومت کی طرف سے امداد دی جارہی ہے، اور اب تک 60 خاندانوں کو اس امداد کا فائدہ پہنچایا جاچکا ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ تعلقہ میں بارش کی پیمائش کے حوالے سے مسائل پیش آرہے ہیں جس کی وجہ سے کسانوں کو انشورنس کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اگلے 10 دنوں میں بارش کے پیمائش کے نظام کو درست کیا جائے، بصورت دیگر اس کا نوٹس لینا ضروری ہوگا۔
اس بار ایس. ایس. ایل. سی کے امتحانات میں سرکاری اسکولوں کے نتائج بہتر آئے ہیں، جس میں 2017 طلباء نے امتحان دیا تھا اور 1720 نے کامیابی حاصل کی۔ وزیر ویدیا نے اس کامیابی کو محکمہ کی جانب سے کیے گئے کام اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اچھے نتائج حاصل کرنے والے طلباء کو سرکاری سطح پر اعزاز دینا چاہیے۔ وزیر نے بائی کرائے کے اسکول کی عمارتوں کی بجائے مستقل عمارتوں کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا، اور کہا کہ اسکولوں کے بچوں کے لیے کرائے کی عمارتوں میں پڑھنا مناسب نہیں ہے۔
وزیر نے گنگا کلیان اسکیم کے تحت کسانوں کے لیے سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ جو کسان بجلی کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں ان کو فوری طور پر حل کرنا ضروری ہے۔
وزیر نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ جب تک بجلی کے مسائل حل نہیں ہوتے، ان پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت سرسی کے مرکزی اسٹیشن سے کمٹہ، ہوناؤر اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی میں مسائل ہیں۔
وزیر نے اس کے علاوہ بھٹکل کے کے ایس آر ٹی سی کے ڈپو منیجر کی سرزنش کی اور کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بسیں مخصوص اوقات میں چلیں، خاص طور پر اسکول اور کالج کی چھٹیوں کے دن۔
جلاس میں بھٹکل انچارج اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی، تحصیلدار ناگندرا کولشیٹی، ٹاون میونسپل کونسل کے انچارج صدر الطاف کھروری، گارنٹی کمیٹی کے چیئرمین راجو نائیک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر، وزیر نے 2023-24 کے ایس ایس ایل سی امتحانات میں ٹاپ کرنے والے 3 طلباء کو لیپ ٹاپ تقسیم کیا۔