ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل بندر میں پہاڑی کھسکنے کا خدشہ - تحصیلدار نے کیا موقع پر پہنچ کرمعائنہ

بھٹکل بندر میں پہاڑی کھسکنے کا خدشہ - تحصیلدار نے کیا موقع پر پہنچ کرمعائنہ

Wed, 11 Jun 2025 11:56:11    S O News
بھٹکل  بندر میں پہاڑی کھسکنے کا خدشہ - تحصیلدار نے  کیا موقع پر پہنچ کرمعائنہ

بھٹکل، 11 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل بندر میں پہاڑی کھسکنے کے خدشے کے پیش نظر تحصیلدار ناگیندرا کولاشیٹّی نے متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا اور صورت حال کا معائنہ کرنے کے بعد اہلکاروں کی ضروری ہدایات دیں

پتہ چلا ہے کہ  تعلقہ کے ماوین کوروے گرام پنچایت حدود میں تالگوڈ کے گونڈرا کیری میں پہاڑی  کھسکنے کی وجہ سے وہاں سڑک کے کنارے بنی ہوئی کانکریٹ کی رکاوٹی دیوار گر گئی ہے جس کی وجہ سے مزید پہاڑی کا حصہ کھسکنے کے خطرات پیدا ہوئے ہیں ۔   یہ  بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس وقت آدھی پہاڑی کھسک چکی ہے اور تیز بارش ہونے کی صورت میں پہاڑی کی چوٹی پر موجود بڑے بڑے تودے کھسک کر نیچے کی طرف آنے کے امکانات موجود ہیں ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو پھر اسکول اور کالج کے طلبہ سمیت اس سڑک سے گزرنے والے تمام افراد کے لئے یہ ایک بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ سڑک کی نچلی جانب میں مکانات ہیں جنہیں بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے ۔
    
تحصیلدار ناگیندرا نے بتایا کہ رکاوٹی دیوار تعمیر کرنے کے لئے 25 لاکھ روپے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ فنڈ جاری ہوتے ہی دیوار کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا ۔ تب اس سڑک سے گزرنے والوں کو احتیاط سے کام لینا ہوگا ۔ اس کے علاوہ سڑک کی نچلی جانب میں جن لوگوں کے مکانات ہیں، وہ سب بھاری برسات کے امکان کو دیکھتے ہوئی سرکاری  راحت سینٹر یا پھر اپنے رشتے داروں کے گھروں میں منتقل ہونے کے بارے میں سوچنا بہتر ہے ۔     

bhatkal bunder landslide-4

اس مقام پر جو صورت حال درپیش ہے اس میں ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ پہاڑی کو کاٹ کر بنایا گیا  اسکول بھی خطرے کی زد میں ہے۔ کیونکہ تیز بارش ہونے پر کاٹی گئی پہاڑی کے بقیہ حصہ سے بڑے بڑے پتھر لڑھک کر اسکول کی طرف گرنے کے امکانات  موجود ہیں ۔ مقامی لوگوں نے اس خطرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے گرام پنچایت اور سرکاری افسران سے اپیل کی ہے کہ کوئی ناگہانی حادثہ پیش آنے سے قبل اس کے تدارک کے لئے اقدامات کیے جائیں ۔ 
    
اس موقع پر ماوین کوروے گرام پنچایت پی ڈی او چندرا شیکھر ایٹگی ، پنچایت صدر شرینواس، صدر دیوی داس نائک، راما گونڈا وغیرہ موجود تھے ۔ 


Share: