ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : چیف آفیسر پر ذمہ داری نبھانے میں کوتاہی، جانب داری کا الزام - تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی نے دیا اے سی کو میمورنڈم

بھٹکل : چیف آفیسر پر ذمہ داری نبھانے میں کوتاہی، جانب داری کا الزام - تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی نے دیا اے سی کو میمورنڈم

Thu, 18 Sep 2025 10:59:40    S O News
بھٹکل : چیف آفیسر پر ذمہ داری نبھانے میں کوتاہی، جانب داری کا الزام - تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی نے دیا اے سی کو میمورنڈم

بھٹکل 18 / ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون میونسپل کاونسل کے چیف آفیسر پر ایک طبقے کے دباو میں جانب داری برتنے اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے منڈل صدر لکشمی نارائین کی قیادت میں بی جے پی  کے ذمہ داران نے اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کی اور اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں میمورنڈم پیش کیا ۔
    
بی جے پی کے وفد نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ بھٹکل ٹی ایم سی میں ایک قوم کے ادارے کی حمایت سے آنے والے اراکین کی اکثریت ہے ۔ مسلسل یہ بات دیکھنے میں آئی ہے کہ یہ اراکین ٹی ایم سی کے چیف آفیسر پر دباو ڈالتے ہیں اور ٹی ایم سی کے چیف آفیسر ایک قوم سے تعلق رکھنے والے اراکین کی مرضی کے مطابق اور ان کے  خوف میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں ۔ 
    
میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ مخدوم کالونی کے محکمہ جنگلات سے متعلقہ علاقے میں بہت بڑی تعداد میں مویشیوں کی ہڈیاں موجود ہونے کی جی پی ایس ویڈیو کے ساتھ پولیس کے پاس شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ اس  کے بعد جب وہ منظر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا تو وہ ہڈیوں کا ڈھیر اس جگہ سے غائب ہوگیا اور صرف ٹی ایم سی کی ٹینک میں ہی ہڈیاں باقی رہیں ۔ ہڈیوں کا ڈھیر پڑے رہنے کی تمام نشانیاں وہاں سے صاف کرکے اس جگہ پر ایسی کوئی چیز موجود نہ ہونے کی جھوٹی معلومات اپنے اعلیٰ افسران اور محکمہ پولیس کو پیش کی ۔  
    
جب ہندو تنظیم کے لیڈر اسی جگہ پہنچے تو وہاں پر موجود سیمنٹ ٹینک میں خون کے نشانات کے ساتھ ہڈیاں موجود تھیں ۔ تب اس کی جی پی ایس ویڈیو بنا کر محکمہ پولیس کو سونپی گئی ۔ اس کے بعد دوسرے دن محکمہ جنگلات کے آفیسر نے پولیس اسٹیشن میں اس تعلق سے شکایت درج کروائی ۔ رہائشی علاقے میں ہڈیاں پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ویڈیو بنانے والوں کے خلاف شکایت درج کروائی گئی ۔ 
    
اس میمورنڈم میں اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ پرانی مچھلی مارکیٹ کے پاس کچرا پھینکنے والوں کے خلاف پولیس کے پاس شکایت درج نہ کرنے والے اس چیف آفیسر کے رویہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ایک قوم کی مرضی اور ہدایات پر عمل کر رہے ہیں ۔ 
    
میمورنڈم میں اس بنیاد پر مطالبہ کیا گیا ہے اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں کوتاہی اور جانب داری کرنے والے چیف آفیسر کے خلاف  تحقیقات کی جائے ۔ 
    
اس موقع پر ایشور نائک، گووند نائک، کیدار کولّے، شریکانت نائک اور دیگر افراد موجود تھے ۔ 


Share: