ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیلتنگڈی: چاردہائیوں قبل گمشدگی اورقتل کا شکارپدما لتا کی بہن نے ایس آئی ٹی سے کیا ازسرِنوتفتیش کا مطالبہ

بیلتنگڈی: چاردہائیوں قبل گمشدگی اورقتل کا شکارپدما لتا کی بہن نے ایس آئی ٹی سے کیا ازسرِنوتفتیش کا مطالبہ

Tue, 12 Aug 2025 23:30:48    S O News
بیلتنگڈی: چاردہائیوں قبل گمشدگی اورقتل کا شکارپدما لتا کی بہن نے ایس آئی ٹی سے کیا ازسرِنوتفتیش کا مطالبہ

بیلتنگڈی 12/ اگست (ایس او نیوز) تقریباً چار دہائیوں قبل گم شدگی اور پراسرار انداز میں قتل کا شکار ہونے والی پدما لتا کی بہن اندراوتی نے دھرمستھلا میں مبینہ قتل اورعصمت دری معاملات کی تحقیقات کر رہی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی بہن کے ساتھ پیش آئے ہوئے معاملے کی ازسرنو تفتیش کی جائے۔

مقتول پدمالتا کی بہن اندراوتی نے سی پی آئی ایم کے لیڈر بی ایم بھٹ اور دیگر افراد کے ساتھ بیلتنگڈی میں واقع ایس آئی ٹی کے دفتر پہنچ کر اپنی باضابطہ شکایت درج کرواتے ہوئے ایس آئی ٹی سے اس معاملے کی از سر نو تفتیش کا مطالبہ کیا۔

اندراوتی کی جانب سے درج کروائی گئی اس شکایت میں کہا گیا ہے کہ پدمالتا کو 1986 میں اغوا کرکے عصمت دری کے بعد  قتل کر دیا گیا تھا ۔ اس سے قبل سی او ڈی نے اس معاملے کی تحقیقات کا کوئی سراغ نہ ملنے کی بات کہتے ہوئے تفتیش بند کردی تھی۔ اب چونکہ ایس آئی ٹی دھرمستھلا میں ہوئے مبینہ عصمت دری اور قتل کے  پراسرار معاملات کی تفتیش کر رہی ہے اس لئے اندراوتی نےمطالبہ کیا ہے کہ پدمالتا معاملے کی بھی دوبارہ جانچ کی جائے او انصاف دلایا جائے۔

مقتول پدمالتا کے اہل خانہ نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے شکایت قبول کی ہے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد اگلی کارروائی کا تیقن دیا ہے۔

شکایت درج کروانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پدما لتا کی بہن اندراوتی نے کہا کہ قتل کے معاملے کو 39 سال گزر گئے ہیں، مگر ہمیں بھروسہ ہے کہ اگر آج بھی اس معاملے کی مناسب جانچ ہوگی تو حقیقت سامنے آئے گی اور ملزمان کو سزا ملے گی۔ وفد کی قیادت کر رہے سی پی آئی ایم لیڈر بی ایم بھٹ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پدما لتا معاملے کی گہرائی سے جانچ ہونے پر قصور واروں کو قانون کے کٹھہرے میں لایا جا سکتا ہے۔ ہمارے پاس جو بھی معلومات اور ثبوت موجود ہیں وہ سب ہم تفتیشی ٹیم کو فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

اس موقع پرسی پی آئی ایم لیڈر یادو شیٹی، بی ایم بھٹ، لکشمن گوڑا پانگل، وشنو مورتی بھٹ اور دیگر افراد شامل تھے۔ 


Share: