بھٹکل 28 جون (ایس او نیوز): بھٹکل مدینہ کالونی کے قریب مِنٰی روڈ پر جمعہ صبح ایک گھر کے اندر گھسنے کی کوشش کے دوران ایک چور کو عوام نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اچھی خاطر داری کے بعد پولس کے حوالے کردیا۔ پتہ چلا ہے کہ گھر کے اندر موجود ایک خاتون کے گلے کا سونے کا چین چھیننے کی کوشش کے دوران گھر والوں اور آس پاس کے لوگوں نے اسے اُسی وقت پکڑ لیا تھا۔
پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ملزم کی شناخت فوزان احمد (عمر 20 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جو بھٹکل کی بدریہ کالونی کا رہائشی ہے لیکن فی الحال اُڈپی ضلع کے کنداپور تعلقہ کے تلوّر روڈ پر مقیم ہے۔ پولیس کے مطابق، فوزان احمد کے خلاف پہلے سے ہی بیندور اور گنگولی پولیس تھانوں میں کئی چوری کے معاملات درج ہیں۔ وہ بیندور میں ایک کار چوری کیس میں گرفتار ہوا تھا اور صرف دو دن قبل ہی ضمانت پر رہا ہوا تھا۔
اس واردات کے تعلق سے منٰی روڈ کے رہائشی عاکف محمد کی مضافاتی پولیس تھانے میں درج کی گئی شکایت کی بنیاد پر پولس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا ، جہاں سے اسے 15 دن کی عدالتی حراست میں کاروار جیل بھیج دیا گیا ہے۔
بھٹکل مضافاتی پولیس تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے، اور سی پی آئی منجوناتھ اور ایس آئی بھرمپاّ بیلگلی کی قیادت میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔