پتور ،7 / جولائی (ایس او نیوز) تفریح کے لئے پہاڑی کی طرف جانے والے ایک نوجوان نابالغ جوڑے کو ہراساں کرنے اور کھلے عام ان کی بے عزتی کرتے ہوئے ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے ، جن کی شناخت پورشوتم (43 سال) اور رامچندرا (38 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
ان ملزمین کے ہاتھوں ہراساں اور بے عزت ہونے والے متاثرہ لڑکے والد کی طرف سے پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق اس کا نابالغ بیٹا اپنی شناسا لڑکی کے ساتھ وقت گزاری کے لئے تفریحی مقام بیروملے ہلس پر گیا تھا جہاں دو اجنبی لوگوں نے ان کے خلاف ناشائستہ کلمات اورفقروں کے ذریعے ان کی بے عزتی کی اور لڑکے کے مذہب کو بنیاد بنا کر فرقہ وارانہ تبصرے کیے ۔ اسی دوران سارے معاملے کی ویڈیو ریکارڈنگ کرتے ہوئے اشتعال انگیز انداز میں اسے سوشیل میڈیا پر وائرل کر دیا ۔
پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ لڑکی اور لڑکے کا مذہب الگ الگ ہونے کے شبہ میں ملزمین نے انہیں تفریحی مقام پر روکا اور انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ہنگامہ جس کے بعد وہاں بھیڑ جمع ہوگئی ۔ پھر اس جوڑے کو ذلیل کرنے کی حرکتوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کو سوشیل میڈیا پر پوسٹ کر دیا۔
پریس ریلیز میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ارون نے بتایا ہے کہ دوران تفتیش یہ بات پتہ چلی ہے کہ نابالغ لڑکا اور لڑکی ایک ہی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں ۔ متاثرہ لڑکے کے والد نے اپنی شکایت میں پورشوتم اور رامچندرا پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اس کے بیٹے کے مذہب کے تعلق سے غلط بیانی کرتے ہوئے دو نابالغ بچوں کو عوام کے سامنے بدنام کیا ہے ۔ اس نے "فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے" کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی کی مانگ کی ہے ۔