ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / سوڈان میں کشتی الٹنے کا سانحہ: 15 سے زائد افراد جاں بحق، 4 لاپتہ

سوڈان میں کشتی الٹنے کا سانحہ: 15 سے زائد افراد جاں بحق، 4 لاپتہ

Thu, 12 Feb 2026 17:04:41    S O News
سوڈان میں کشتی الٹنے کا سانحہ: 15 سے زائد افراد جاں بحق، 4 لاپتہ

خرطوم، 12/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی )  شمالی سوڈان کے شہر خرطوم میں دریائے نیل پر ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 4 لاپتہ ہو گئے۔ ژنہوا نیوز ایجنسی نے سوڈان کی سول ڈیفنس اتھارٹی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کشتی صوبہ نیل میں طیبہ الخواد اور دیم القرائی گاؤں کے درمیان سفر کر رہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق کشتی میں 27 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی شامل تھے۔ مبینہ طور پر تیز لہروں کے باعث کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ اطلاع ملتے ہی سول ڈیفنس یونٹ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، تاہم اس وقت تک 15 سے زائد افراد ڈوب چکے تھے۔ تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 8 افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ چار مسافروں کی تلاش تاحال جاری ہے۔

دریں اثنا، سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے بھی ایک بیان میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی افراد اور شہری دفاع کے اہلکار لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ تنظیم نے دریا میں نقل و حمل کے خطرات اور بنیادی حفاظتی انتظامات کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں متعلقہ حکام پر زور دیا گیا کہ وہ خصوصی ریسکیو ٹیمیں اور جدید تلاش و بحالی کے آلات تعینات کریں، نیز دریائی سفر کے لیے سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

واضح رہے کہ سوڈان میں دریائے نیل کو عبور کرنے کے لیے استعمال ہونے والی روایتی لکڑی کی کشتیوں کے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، کیونکہ دیہی علاقوں میں دونوں کناروں کو ملانے والے پلوں کی کمی ہے۔ شہری دفاع کے حکام سیلابی موسم میں ایسی کشتیوں میں سفر کے خطرات سے بارہا خبردار کر چکے ہیں۔


Share: