ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : سڑک حادثے میں سافٹ ویئر انجینئر خاتون ہلاک - دو افراد زخمی

منگلورو : سڑک حادثے میں سافٹ ویئر انجینئر خاتون ہلاک - دو افراد زخمی

Sat, 28 Jun 2025 13:03:16    S O News
منگلورو : سڑک حادثے میں سافٹ ویئر انجینئر خاتون ہلاک - دو افراد زخمی

منگلورو،  28 / جون  (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 پر آج صبح پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک سافٹ ویئر انجینئر خاتون اس وقت ہلاک ہوگئی جب  سڑک کنارے روکی گئی اس کی اسکوٹر کو ایک تیز رفتار کار نے پیچھے سے ٹکر ماری ۔ اس حادثے میں مذکورہ خاتون کے والد اور پاس میں کھڑی ہوئی ایک خاتون کو شدید چوٹیں آئی ہیں ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق جب حادثہ پیش آیا تو شروتھی اچاریہ (27 سال) نامی خاتون اپنے والد گوپال اچاریہ (53 سال) کے ساتھ کینیگولی میں واقع بینک میں اپنا کام نپٹا کر اسکوٹر پر واپس لوٹ رہی تھی ۔ اچانک بارش شروع ہونے کی وجہ سے شروتھی اور اس کے والد نے نے رین کوٹ پہننے کے مقصد سے اسکوٹر کو سڑک کنارے روکا تھا ۔ اسی دوران میں اڈپی سے منگلورو کی طرف جانے والی ایک تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر ماری ۔ تصادم کا اثر اتنا زیادہ تھا کہ شروتھی اور اس کی اسکوٹر کئی میٹر دور تک گھسیٹتے چلے گئے ۔ حالانکہ شدید زخمی حالت میں  شروتھی کو اسپتال لے جایا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس نے دم توڑ دیا ۔
    
کار کی ٹکر کی وجہ سے شروتھی کے والد گوپال اچاریہ کے علاوہ سڑک کنارے کھڑی خیرالنساء (52 سال) نامی ایک خاتون کو گہری چوٹیں آئیں اور ان دونوں کو علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے ۔
    
اس حادثے کا المناک پہلو یہ ہے کہ شروتھی جو کہ چینئی میں سافٹ ویئر انجینئر کے بطور برسر ملازمت تھی،  تقریباً پندرہ دن پہلے فوت ہوئے اپنے بھائی کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے گھر آئی ہوئی تھی اور اب کے اس کے گھر والوں کے لئے  بیٹے کی موت کے صرف پندرہ دن کے اندر ہی جواں سال بیٹی کی موت کا غم جھیلنے کی نوبت آئی  ہے ۔ 


Share: