ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اتر کنڑا میں برسات کی پیمائش کرنے والے 136 مشینیں کام نہیں کر رہی ہیں - ریوینیو وزیر کا بیان

اتر کنڑا میں برسات کی پیمائش کرنے والے 136 مشینیں کام نہیں کر رہی ہیں - ریوینیو وزیر کا بیان

Wed, 23 Jul 2025 17:20:03    S O News
اتر کنڑا میں برسات کی پیمائش کرنے والے 136 مشینیں کام نہیں کر رہی ہیں - ریوینیو وزیر کا بیان

کاروار، 23/ جولائی (ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے مالگزاری کرشنا بائرے گوڑا نے اتر کنڑا زمین کھسکنے کے مقامات کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ ضلع میں بارش کی پیمائش کرنے والی 136 مشینیں کام نہیں کر رہی ہیں جبکہ ریاستی سطح پر 1500 مقامات پر پیمائش باراں کے مراکز کی حالت بہت ہی خستہ ہے ۔ ان مراکز پر مشینوں کی مرمت کا کام چل رہا ہے ۔ جہاں کہیں مشینیں پوری طرح ناکارہ ہوگئی ہیں وہاں نئی مشینیں لگائی جائیں گی ۔ 
    
وزیر مالگزاری نے بتایا کہ اتر کنڑا ضلع سمیت ریاست میں جہاں کہیں زمین کھسکنے اور سمندری کٹاو کے مسائل در پیش ہیں وہاں پر فوری طور پر روک تھام کے ضمن میں جلد ہی 800 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 6 اضلاع میں زمین کھسکنے کے معاملے بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں ۔ ان علاقوں میں ایسے مقامات پر رکاوٹی دیواریں تعمیر کرنے کے لئے پانچ سو کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ تین ساحلی اضلاع میں سمندری کٹاو روکنے کے لئے فی ضلع ایک کروڑ روپوں کے حساب سے تین کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔
    
انہوں نے بتایا کہ رکاوٹی دیواروں کی تعمیر کے علاوہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو روکنے کے لئے حکومت کے شعبہ مالیات کی طرف سے فنڈ جاری کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے ۔ اس تعلق سے مرکزی حکومت کو مراسلہ بھیجا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت سے فنڈ جاری نہ ہونے کی وجہ سے روک تھام کا کام نہیں ہو سکا ہے ۔
    
اتر کنڑا میں نیشنل ہائی وے کی توسیع اور سرسی ہائی وے کی تعمیر کا کام مکمل نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر بائرے گوڑا نے کہا کہ اس تعلق سے تمام مسائل ریاستی حکومت کی جانب سے حل کیے جا رہے ہیں اس کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا اور ٹھیکیدار کمپنی والے کس وجہ سے کام پورا نہیں کر رہے ہیں یہ بات سمجھ میں نہیں آ رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے ۔ 
    
وزیر موصوف نے کمٹہ کے دیوی منے علاقے میں رکاوٹی دیوار تعمیر کیے بغیر ہائی وے کا کام جاری رکھنے کے تعلق سے اعتراض جتاتے ہوئے آر این ایس انفرا اسٹرکچر کمپنی کے ذمہ داروں کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ انکولہ کے شیرور میں گزشتہ سال پہاڑی کھسکنے کے بعد ندی میں جمع ہونے والے ملبے کو وہاں سے ہٹانے  (ڈریجنگ) کے لئے 2 کروڑ روپے کا منصوبہ بنا ہے جس کے لئے دوبارہ ٹینڈر طلب کیا گیا ہے ۔ ندی میں پانی کی سطح نیچے اترنے کے بعد یہ کام شروع کیا جائے گا ۔ 
    
اس موقع پر ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا، ایم سی اے صدر اور ایم ایل اے ستیش سئیل، رکن اسمبلی بھیمنّا نائک، دینکر شیٹی، ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا وغیرہ موجود تھے ۔

whatsapp-image-2025-07-22-at-11614-pm.jpeg

Share: