ہنوئی،31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کی انڈر 19خواتین فٹ بال ٹیم بدھ سے شروع ہونے والی آئندہ اے ایف سی انڈر 19چمپئن شپ کیلئے آج یہاں پہنچ گئی۔ہندوستان کو میزبان ویتنام اور مضبوط ایران کے ساتھ گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے،صرف گروپ کا فاتح ہی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرے گا جو اگلے سال منعقد کیا جائے گا۔ہندوستانی ٹیم ویتنام فٹ بال فیڈریشن کے نیشنل ٹریننگ سینٹر میں رکی ہے۔دوپہر میں کھلاڑیوں نے ہلکے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔ٹیم کے چیف کوچ ساجد دار نے کہا کہ ہم نے رات کو سفر کیا،ہمیں تیزی سے یہاں کے موافق ہونا ہے،ہم کل بھی ایک ٹریننگ سیشن کریں گے۔ہندوستانی ٹیم دونومبرکوایران سے کھیلے گی جس کے بعد وہ چار نومبر کو میزبان ویتنام سے بھڑے گی۔