بلاری۔ 26اکتوبر (ایس او نیوز )ہمپی اتسو کے حصہ کے طور پر مشہور لائٹ اینڈ ساونڈ شو ''وجے نگر ویبھو '' کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔ یہ پروگرام 3نومبر کو ہمپی میں لوٹس محل سے متصل 7بجے شام تا 9:30بجے شب منعقد کیا جائے گا۔ اس کا اہتمام مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات نئی دہلی کے ساونڈ اینڈ ڈراما ڈیویژن کی جانب سے کیا جارہا ہے ۔ اس علاقہ میں مختلف مقامات پر اسٹیجس ' سیٹس اور روشنیوں کو لگانے کا کام کیا جارہا ہے ۔ تقریباً 100مقامی منتخب فن کار اس پروگرام میں مظاہرہ کریں گے ۔ 1995سے ہمپی اتسو معمول کی تقریب ہے ۔وجے نگرویبھؤ اور کرناٹک ویبھؤ متبادل کے طور پر دو مشہور شوز ہیں تاہم مختلف وجوہات کے سبب 2008سے یہ شو منعقد نہیں کیا جاسکا۔ سماج کے ایک طبقہ کی جانب سے شو منعقد کرنے کے مطالبہ اور بی ایس آنند سنگھ ایم ایل ا ے و سابق وزیر ' وزیر لیبر و ضلع انچارج وزیر سنتوش لاڈ نے دلچسپی دکھائی اور ہمپی میں شو کے لئے نئی دہلی سے ایک ٹیم کو لانے میں کامیابی حاصل کی۔ اس پروگرام میں وجے نگر کی تاریخ ' ہکہ بکا کی جانب سے وجے نگر سلطنت کی بنیادوں کی ابتداء سے مختلف واقعات ' کرشنا دیورائے کے دور میں اس کی عظمت کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ کرشنا دیواریا ' فن ثقافت ' ادب سے محبت کرتا تھا۔ وہ مذہبی ہم آہنگی کی پالیسی رکھتا تھا ۔