ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہریانہ اسمبلی انتخابات: عام آدمی پارٹی کی تیسری فہرست میں 11 امیدواروں کے نام شامل

ہریانہ اسمبلی انتخابات: عام آدمی پارٹی کی تیسری فہرست میں 11 امیدواروں کے نام شامل

Wed, 11 Sep 2024 10:48:29    S.O. News Service

چندی گڑھ، 11/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) عام آدمی پارٹی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 11 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ اس فہرست کے ساتھ، پارٹی نے مجموعی طور پر 40 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کی تیسری فہرست میں بی جے پی-کانگریس کے باغیوں کے نام بھی شامل ہیں۔ بی جے پی سے آج عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے والے ستیش یادو کو ریواڑی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ایٹلی سے بی جے پی کے سنیل راؤ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ کانگریس سے عآپ میں شامل ہونے والے بھیم سنگھ راٹھی کو بھی رادور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل منگل کی صبح عام آدمی پارٹی نے اپنے 9 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی تھی جس میں بی جے پی کے چھترپال سنگھ کو بروالا سے امیدوار بنایا گیا تھا۔ بی جے پی سے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے والے کرشنا بجاج کو تھانیسر سے امیدوار بنایا گیا اور کانگریس سے آنے والے جواہر لال کو باول سے امیدوار بنایا گیا۔

خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی ہریانہ میں تنہا الیکشن لڑنے جا رہی ہے۔ اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے الیکشن لڑے گی لیکن دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں پر کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا۔ جس کے بعد پارٹی نے تنہا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی پہلی فہرست جاری کر دی۔

ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ایک ہی مرحلے میں 5 اکتوبر کو ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔ ہریانہ اسمبلی کی مدت کار 3 نومبر 2024 کو ختم ہو رہی ہے۔ ریاست میں اسمبلی کی 90 سیٹیں ہیں۔ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان اہم مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ جن نائک جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی بھی کئی سیٹوں پر اہم مقابلہ میں ہیں۔


Share: