ہبلی۔ /23جون (ایس او نیوز) ریاست کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور حالیہ انڈسٹریز منسٹرجگدیش شٹر نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کرناٹک میں دوبارہ لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں ہے اور احتیاطی تدابیر سے اس مہلک مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
ہبلی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتوں نے جو احکامات جاری کئے ہیں عوام ان پر سختی سے عمل کریں۔ سماجی فاصلہ اور پاکی صفائی کا خیال رکھیں۔ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ پرائیویٹ طور پر کورونا کی جانچ کے لئے لیاب قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے پرائیوٹ اسپتالوں کے لئے رہنما اصول جاری کئے ہیں۔ ریاست میں کوروناوائرس کے معاملوں میں لگاتار اضافہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان مریضوں میں بیرونی ریاستوں سے آنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ان کے رابطے میں آنے والے ریاست کے افراد بھی اس مرض سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ضلع میں کورونا وائرس کے حالات کے بارے میں انہوں نے کیا کہ دھارواڑ میں ایک ڈاکٹر اور ان کی اہل خانہ کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے میں ضلع انتظامیہ مرض کے پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر اقدامات کر رہا ہے۔ ہبلی، انکولہ ریلوے لائن کے بارے میں جگدیش شٹر نے امید ظاہر کی کہ ہبلی۔ انکولہ ریلوے لائن کی تمام رکاوٹیں جلد دور کرلی جائیں گی۔ اس منصوبہ پر بہت جلد کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ نے ہبلی۔ انکولہ ریلوے لائن کے تعمیری کام پر پابندی لگائی ہے۔ فی الحال یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ریاستی حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد تعمیری کام دوبارہ شروع کیا جائے گا۔