ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گٹکا اور پان مسالہ کی خریدو فروخت پر پابندی تمام ڈپٹی کمشنروں کو حکومت کی جانب سے حکم نامہ جاری

گٹکا اور پان مسالہ کی خریدو فروخت پر پابندی تمام ڈپٹی کمشنروں کو حکومت کی جانب سے حکم نامہ جاری

Sat, 29 Oct 2016 11:44:01    S.O. News Service

بنگلورو:27؍اکتوبر (ایس او نیوز)ریاست میں الگ سے گٹکا اور پان مسالہ کی خریدو فروخت پر حکومت نے پابندی عائد کردی ہے ۔ اس میں تمباکو اور نکوٹین بھی شامل ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق حال ہی میں سپریم کورٹ سے جاری ہدایت پر محکمہ فوڈ سیفٹی کے کمشنر نے یہ حکم جاری کیا ۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے سکریٹری نے اس سلسلہ میں تمام ڈپٹی کمشنروں کے نام حکم جاری کیا ہے جس میں اس کی ہدایت دی گئی ہے کہ نکوٹین اور تمباکو سے جڑی تمام اشیاء جس میں پان مسالہ اور گٹکا بھی شامل ہے اس کی خریدو فروخت پر پابندی عائد کی جائے ۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح ہو کہ ریاستی حکومت نے گٹکا پر پابندی کے احکامات پہلے ہی جاری کیا ہے جس پر عمل آوری بھی ہوچکی ہے ۔ اس موقع پر تمباکو کو کنٹرول کرنے والی ہائی پاور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر یو ایس وشال راؤ نے اس سلسلہ میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ حکومت کایہ نیا حکم ریاست بھر کے تمام علاقوں میں ایک ساتھ نافذ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی 20فیصد آبادی تمباکو استعمال کرتی ہے ۔ یہ قدم ان کی بھلائی کیلئے اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے ہر کوئی اچھی طرح واقف ہے کہ تمباکو کا استعمال صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے اس کے باوجود لوگ اس کااستعمال کررہے ہیں ۔ تمباکو استعمال کرنے والوں کی اکثریت مختلف امراض خصوصی کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا ہورہے ہیں ، اس لئے حکومت کی جانب سے جاری یہ حکم نامہ بہت بہتر اور بروقت ہے ، ڈپٹی کمشنروں کو چاہئے کہ اس پر عمل آوری کیلئے جو بھی اقدامات کئے جاسکتے ہیں کریں۔


Share: