ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کے پی سی سی صدارت پر پرمیشور کے چھ سال کی تکمیل پر سوراجیہ سماویشا،بی جے پی کی منافرت سے محتاط رہنے ڈگ وجئے سنگھ کی تاکید

کے پی سی سی صدارت پر پرمیشور کے چھ سال کی تکمیل پر سوراجیہ سماویشا،بی جے پی کی منافرت سے محتاط رہنے ڈگ وجئے سنگھ کی تاکید

Fri, 28 Oct 2016 15:21:30    S.O. News Service

بنگلورو۔27؍اکتوبر(ایس اونیوز) ریاست میں بی جے پی چھوٹی موٹی سیاسی جماعتوں کو اپنا آلۂ کار بناکر فرقہ وارانہ ماحول کو مکدر کرنا چاہتی ہے۔ ریاستی حکومت بی جے پی کی ان کوششوں سے محتاط رہے،اور ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنائے۔ یہ بات آج آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور کرناٹک کے انچارج ڈگ وجئے سنگھ نے کہی۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر جی پرمیشور کے چھ سال کی تکمیل کے سلسلہ میں منعقدہ تہنیتی تقریب سوراجیہ سماویشا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی اپنی ہمنوا فرقہ پرست تنظیموں اور موقع پرست چھوٹی موٹی سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہاتھ ملاکر سماج میں ہندو اور مسلم کے نام پر انتشار پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وشوا ہندو پریشد، بجرنگ دل اور سنگھ پریوار کی دیگر تنظیمیں ہندوؤں میں مسلمانوں کے تئیں نفرت کو ہوا دے رہی ہیں تو دوسری طرف بی جے پی کی ایماء پرایم آئی ایم ، ایس ڈی پی آئی وغیرہ جماعتیں مسلمانوں میں ہندوؤں کے تئیں نفرت کو ابھار رہی ہیں۔ ان تمام سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ چھ سال کے دوران بحیثیت کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے ریاست میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے اور پارٹی کے تمام لیڈروں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھنے کی بھرپور کوشش کی ہے ، اس کیلئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سدرامیا کی قیادت والی حکومت پچھلے ساڑھے تین سال کے دوران سماج کے کمزور طبقات ، رعیتوں ، خواتین اور مزدوروں کے حق میں کام کرتی رہی ہے۔روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر ہمیشہ سے یہ حکومت کاربند رہی ہے۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے انہوں نے کانگریس کو ابھی سے مستعد رہنے کی تاکید کی۔لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ملیکارجن کھرگے نے مخاطب ہوکر کہاکہ کانگریس کی تاریخ میں پہلی بار کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے چھ سال مکمل کرنے کااعزاز ڈاکٹر پرمیشور کو حاصل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں ریاست میں دوبارہ کانگریس کو اقتدار پر لانے کیلئے ابھی سے حکمت عملی کی تیاری اور جدوجہد ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے ابھی سے یہ کام شروع کردیا ہے، اس کا موثر جواب دینے کیلئے کانگریس کو بھی مستعد ہونے کی ضرورت ہے ۔ پارٹی کے ہر لیڈر کی ذمہ داری ہے کہ اگلے انتخابات میں کانگریس کو اقتدار پر لانے کیلئے کام کرے۔ ریاستی حکومت کی طرف سے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جو بھی اسکیمیں لاگو کی گئی ہیں ان کے فائدہ عوام تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹر کھرگے نے کہا کہ حکومت اگر عوام کی امنگوں پر کھری اترتی ہے تو عوام کا اعتماد ہمیشہ حکومت کے ساتھ رہے گا۔ کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے بھی کانگریس حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور کہاکہ دوبارہ پارٹی کو اقتدار پر لانے کیلئے جدوجہد ہونی چاہئے ۔ سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر ایم ویرپا موئیلی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی طرف سے پاکستانی سرزمین پر فوج کو بھیج کر کروائے گئے سرجیکل حملوں کے متعلق کہاکہ یہ پہلی بار نہیں کہ فوج نے سرجیکل حملے کئے ہیں ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر پر انہوں نے ملک کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہاکہ سرجیکل حملوں کو بی جے پی اپنی سستی شہرت کیلئے استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی یوپی اے حکومت کی طرف سے لاگو دیہی روزگار ضمانت اسکیم کیلئے مودی حکومت نے پچھلے دیڑھ سال سے ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیا ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر جی پرمیشورکو پارٹی کی طرف سے تہنیت پیش کی گئی اور ساتھ ہی متعدد پارٹی لیڈران اور کارکنوں نے ڈاکٹر پرمیشور کو تہنیت پیش کی۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ، رکن پارلیمان کے ایچ منی اپا، ریاستی وزراء جناب روشن بیگ، ٹی بی جئے چندرا،ایچ کے پاٹل،ڈی کے شیوکمار،سابق وزرائے اعلیٰ دھرم سنگھ ، ویرپا موئیلی ، اور متعدد لیڈران موجود تھے۔


Share: