وائناڈ ، 15/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) کیرالہ وائناڈ میں لینڈ سلائڈنگ سانحہ کو 15 دن مکمل ہوچکے ہیں مگر اب تک مہلوکین کی حتمی تعداد کا اعلان نہیں کیا جاسکا ۔ اس کے ساتھ ہی مہلوکین کی شناخت بھی انتظامیہ کیلئے چیلنج ہے۔ لینڈ سلائڈنگ کے بعد لاشوں کے ساتھ ہی انسانی اعضاء بڑی تعداد میں ملے ہیں۔منگل تک 401 انسانی اعضاء کا ڈی این اے ٹیسٹ ہوچکاہے جن میں سے349 اعضاء کے ٹیسٹ سے 248 مہلوکین کی شناخت میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ان میں121مرد اور 127 خواتین ہیں۔ مزید 52 اعضاء کا ڈی این اے ٹیسٹ ہونا باقی ہے۔
یادرہے کہ وائناڈ میں 29 اور 30 جولائی کی شب ہونے والی شدید بارش کے دوران رات2 بجے سے4بجے کے درمیان منڈکّائی، چورل مالا، اٹّا مالا اور نول پوزا گاؤں میں لینڈ سلائڈنگ نے تباہی مچا دی تھی۔ کم از کم3 گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔
تازہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیرالہ کے وزیر جنگلات اے کے سسیندرن کے مطابق اس سانحہ میں صرف 231 لاشیں سالم ملی ہیں۔ انہوں نے زندہ بچ جانے والوں کے تعلق سے بتایا کہ ریلیف کیمپ میں ایک ہزار 505 افراد رہ رہے ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ15دن گزر جانے کے بعد بھی تلاش مہم جاری ہے۔ اس کیلئے این ڈی آر ایف،فائرمحکمہ ، سوِل ڈیفنس کے اہلکار ، پولیس جوان اور محکمہ جنگلا کے ملازمین سرگرم ہیں۔ انتظامیہ کیلئے مہلوکین کی شناخت کے ساتھ ہی متاثرین کی باز آبادکاری اور معاوضہ کی ادائیگی بڑا چیلنج ہے۔
تباہی کو دیکھتے ہوئے کیرالہ حکومت اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے حکومت سے اسے قومی آفت قرار دینے کی مانگ کی ہے مگر اسے قبول نہیں کیاگیا۔ البتہ وزیراعظم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے کے بعد ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔