ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کولکاتہ ریپ کیس: گورنر کا کابینہ کی ہنگامی میٹنگ بلانے کا مطالبہ

کولکاتہ ریپ کیس: گورنر کا کابینہ کی ہنگامی میٹنگ بلانے کا مطالبہ

Mon, 09 Sep 2024 17:29:54    S.O. News Service

کولکاتہ ، 9/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)  مغربی بنگال کے گورنر سی وی آنند بوس نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو فوری طور پر کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی ہدایت دی ہے۔ گورنر نے اس کے ساتھ ہی ممتا بنرجی کو کولکاتہ پولیس کمشنر کے خلاف موجودہ شکایات پر کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ حال ہی میں بنگال اسمبلی میں انسداد عصمت دری بل پیش کیا گیا ہے، جسے منظور کر لیا گیا ہے، لیکن گورنر نے اس بل پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔ یاد رہے کہ بل کی قانونی حیثیت کے لیے گورنر کی منظوری ضروری ہے، ورنہ یہ قانون نہیں بن سکتا۔

راج بھون کے مطابق بل سے متعلق تکنیکی رپورٹ نہ بھیجے جانے کی وجہ سے گورنر ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے انسداد عصمت دری بل کی تکنیکی رپورٹ موصول نہیں ہوئی جس کی منظوری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت مایوسی ہوئی ہے کہ بلوں کے ساتھ ٹیکنیکل رپورٹس مسلسل نہیں بھیجی جا رہی ہیں اور منظوری نہ ملنے پر دفتر کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔ یہ ایک باقاعدہ عمل بن گیا ہے۔

گورنر آنند بوس نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہدایت کی ہے کہ وہ لیڈی ڈاکٹر کے لیے انصاف کے مطالبے پر بات کرنے کے لیے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی حکمرانی آئین اور قانون کے تحت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کولکتہ پولیس کمشنر کو ہٹانے کے عوامی مطالبے پر توجہ دینے کی بھی ہدایت دی ہے۔

بنگال میں لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے بعد سے ڈاکٹروں کا مظاہرہ جاری ہے۔ جونیئر ڈاکٹر اب بھی ہڑتال پر ہیں اور کئی صحت خدمات ٹھپ ہیں۔ ڈاکٹرز جلد انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا ایم پی جواہر سرکار نے اسے ایک مسئلہ بناتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ ممتا بنرجی اس پر پہلے کی طرح ایکشن لیں گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ جواہر سرکار نے بھی ٹی ایم سی پر بدعنوانی کا الزام لگایا ہے۔


Share: