شملہ 9/جون (ایس او نیوز/ایجنسی) ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور شملہ (دیہات) سے رکن اسمبلی وکرمادتیہ سنگھ نے محکمہ صحت میں ہوئی مبینہ رشوت ستانی کے سلسلے میں صاف الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر وائرل آڈیو کی صحیح ڈھنگ سے تفتیش نہیں کی گئی تو پارٹی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔
مسٹر سنگھ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ دینے کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ ریاست بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق صدر راجیو بِندل نے اگر اس معاملے میں اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ دیا ہے تو وزیر اعلیٰ کو بھی مستعفیٰ ہونا چاہیے کیونکہ وزارت صحت انہی کے پاس ہے۔
کانگریس کے رہنما نے کہا کہ کورونا وبا کے دور میں محکمہ صحت میں ہوئی مبینہ بد عنوانی سے پورے ملک میں ہماچل پردیش کی بدنامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اور صحت؛ وزیر اعلیٰ کے پاس ہیں اور ایسے میں وجیلینس بیورو کی جانب سے غیر جانب دارانہ تفتیش ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پہلے بھی گورنر سے اس معاملے کی تفتیش ہائی کورٹ کے کسی جج سے کروانے کا مطالبہ کر چکی ہے اور اب وہ براہ راست ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔