ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ڈپٹی کمشنر بیلاری کے دفتر کے سامنے کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ

ڈپٹی کمشنر بیلاری کے دفتر کے سامنے کسانوں کا احتجاجی مظاہرہ

Thu, 03 Nov 2016 11:51:34    S.O. News Service

بیلاری ۔ 2نومبر (ایس او نیوز ) کرناٹک راجیہ رعیت سنگھ (کے آر آر ایس ) اور ہیسورو سینا کے مختلف گروپس نے دیگر موافق کسان تنظیموں کے ساتھ بیلاری کے ڈپٹی کمشنر دفتر کے سامنے علحدہ علحدہ احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے ہوس پیٹ ' بیلاری اور سرگپا میں تنگبھدرا کمانڈ علاقوں میں کھڑی فصلوں کو بچانے کے لئے 5نومبر سے پانی کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ کے آر آر ایس کی قیادت میں کسانوں کی کثیرتعداد نے چگنور ۔ سریوار نیراواری بھورکھشنا سمیتی اور رعیت ۔ کرشی کارمیکا سنگھ کے ساتھ ڈیم سے پانی کی اجرائی کا مطالبہ کرتے ہوئے چھگنور اور سروار مواضعات سے بیل بنڈیوں پرجلوس نکالا ۔ کامپلی ' بیلاری اور سرگپا سے تعلق رکھنے والے کسانوں کی قیادت ایک اور گروپ نے کی جو جلوس کی شکل میں درگما مندر سے یہاں پہنچا تھا ،تاکہ پانی چھوڑنے کے لئے حکومت پر زور ڈالا جاسکے ۔واضح رہے کہ تنگبھدرا آبپاشی مشاورتی کمیٹی نے مانسون کی ناکامی کے سبب ڈیم میں کم ذخیرہ کے پیش نظر 30نومبر کے بجائے 5نومبر تک نہروں میں پانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 5نومبر کے بعد نہروں میں پانی کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں جوار' مرچ ' کپاس کی فصلوں کونقصان ہوگاجو ایک بڑے علاقہ میں اگائی گئی ہیں۔کسانوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پانی کی اجرائی عمل میں لائے ۔ سی ملیکارجن ریڈی کنوینر چھاگنور ۔ سریوار نیراوائی بھورکھشنا سمیتی نے کہا کہ حکومت بھدرا ڈیم سے تقریباً 6ٹی ایم سی فیٹ پانی حاصل کرسکتی ہے اور اس بات کو یقینی بناسکتی ہے کہ یہ پانی نہروں سے جاری کیا جائے ۔ ان دونوں گروپس نے ان کے مطالبہ کے پورا نہ ہونے پر احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا انتباہ دیا۔ لکشمی کانت ریڈی صدر ڈسٹرکٹ یونٹ کرشک سماج ' سی ملیکارجن ریڈی ' ڈی جاڈی اپا ' گنگی ریڈی اور دوسروں کی زیر قیادت ایک گروپ تھا جبکہ دوسرے گروپ کی قیادت ٹی ایچ سریش بابو بی جے پی رکن اسمبلی ' پرشوتم گوڑ صدر ضلع یونٹ کرناٹک راجیہ رعیتو سنگھ کی قیادت میں دیکھا گیا۔


Share: