فاجلکا /پنجاب، 9/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پنجاب کے نائب وزیر اعلی اور شرومنی اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل کے قافلے پر ان کے اسمبلی حلقہ جلال آباد کے کند ھوالا حاضر خان گاؤں میں تقریبا 20افراد کے ایک گروپ نے پتھراؤ کردیا جس میں اکالی دل کے چار کارکن زخمی ہو گئے اور پولیس کی ایک گاڑی کوبھی نقصان پہنچا۔فاجلکا کے ایس ایس پی کیتن بلرام پاٹل نے بتایا کہ کل رات ہوئے اس حملے میں سکھبیر بحفاظت بچ نکلے۔ایس پی نے بتایا کہ 12لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جن میں سے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایس پی نے بتایاکہ گرفتار کئے گئے لوگوں کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق،سکھبیر جیسے ہی وہاں سے نکل رہے تھے اسی وقت 15سے 20افراد کے ایک گروپ نے ان کے قافلے پر پتھراؤ شروع کر دیا۔شرومنی اکالی دل کے سربراہ کی اپنے حلقہ میں انتخابی مہم کا یہ پہلا ہی دن تھا۔اکالی دل نے اس حملے کے لیے عام آدمی پارٹی پرالزام لگایا ہے جس کی آپ نے تردید کی ہے۔گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ عوامی بیت الخلاؤں کے معاملے پر سکھبیر سے بات کرنے کا موقع نہیں ملنے پر مظاہرین ناراض تھے، اس سرحدی ضلع کے جلال آباد اسمبلی حلقہ سے آنے والے اسمبلی انتخاب میں سکھبیر کے خلاف آپ کے بھگونت مان الیکشن لڑ رہے ہیں، کانگریس نے ابھی تک یہاں سے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔