پتور، 6؍نومبر(ایس او نیوز) کچھ دنوں پہلے دن دہاڑے پتور کے وشنو بھٹ کے گھر میں گھس کر مالکن اور ملازمہ کے ہاتھ اور پیر باندھنے کے بعد لوٹ مچانے کے بعد فرار ہونے والے 10ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ بھوشن گلاب راو بھوراسے نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈسٹرکٹ کرایم انویسٹی گیشن بیورو اور پتور دیہی پولیس نے مشترکہ طور پر اپنی تحقیقات کے بعد ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مزید دو ملزمین ابھی پولیس کے شکنجے سے باہر بتائے جاتے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
کہا جاتا ہے کہ دراصل گاوں میں ایک افواہ گشت کررہی تھی کہ وشنو بھٹ کے گھر میں کوئی بڑا خزانہ ہے۔ اسی دوران وشنو کے گھر پر سپاری کے باغ میں کام کرنے والا ایک مزدور شباری جب بھی وشنو کے گھر میں موجود چھوٹے سے مندر کے قریب جاتا تو وشنوکی بیوی اس پر سخت اعتراض کیا کرتی تھی۔ اس سے مزدور شباری کو یقین ہوگیا کہ ضرور اس مندر کے پاس کوئی خزانہ چھپایا ہوا ہے۔اس نے یہ بات اپنے دوست پروین کمار کو بتائی ۔ پروین نے یہ خفیہ اطلاع اپنے دوست سریش اچاریہ کو دی جو کہ پیشے سے ایک سنار ہے۔سریش اچاریہ کے تعلقات کچھ غنڈہ عناصر سے ہیں۔ لہٰذا اس نے پانڈو پائی قتل کے ملزم یشودرا شیٹی سے رابطہ قائم کیا۔پھر ڈاکہ زنی کی سازش رچی گئی اور اندازاً 4کروڑ روپے کے خزانے کی آس میں وشنو بھٹ کے گھر پر لوٹ کی کارروائی انجام دی گئی۔لیکن بدقسمتی سے جو اشیاء لٹیروں کے ہاتھ لگیں اس کی مالیت 50ہزار روپے سے زیادہ نہیں تھی۔جسے پولیس نے لٹیروں سے برآمد کرلیا ہے۔