کانٹن،31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ایک دلچسپ مقابلے میں روایتی حریف پاکستان کو 3.2سے شکست دے کر ایشیائی چیمپئنز ٹرافی پھر اپنے نام کر لی۔اس ٹورنامنٹ کے چوتھے سیشن کے فائنل میں ہندوستان کی جانب سے روپندر پال سنگھ نے 18ویں منٹ، یوسف عفان نے 23ویں اور نکن تھممیا نے 51ویں منٹ میں گول کرکے جیت یقینی کی۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے محمد علیم بلال نے 26ویں منٹ اور علی شان نے 38ویں منٹ میں گول داغے۔روشنی کے تہوار دیوالی کے موقع پر یہ جیت ہندوستانیوں کے لیے عمدہ تحفہ رہا۔جنوبی کوریا کے انچیون میں 2014میں ایشیائی کھیلوں کے بعد پہلی بار دونوں ٹیمیں کسی براعظم ٹورنامنٹ کے فائنل میں آمنے سامنے تھیں۔ہندوستان نے سال 2011میں اس ٹورنامنٹ کے پہلے سیشن کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا،اس وقت بھی ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں پاکستان کو شکست دی تھی۔اس کے اگلے سال ہی پاکستان نے نتائج کو پلٹ دیا اور خطاب اپنے نام کیا اور پھر 2013میں اس نے فائنل میں جاپان کو شکست دی۔دنیا کی چھٹے نمبر کی ٹیم ہندوستان ٹورنامنٹ کے شروع سے ہی خطاب کی مضبوط دعویدار مانی جا رہی تھی، تاہم اس ٹیم میں کچھ اہم کھلاڑی نہیں تھے،جب ہندوستانی ٹیم اتری تو اس میں پی آر شری جیش جیسا قدآور کھلاڑی پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے موجود نہیں تھا اور ان کی جگہ آکاش چکتے نے لی۔ہندوستان کو کھیل کے ساتویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا لیکن ہندوستانی کھلاڑی اسے گول میں تبدیل نہیں کر سکے۔
پاکستان کو 12ویں منٹ میں گول کرنے کا موقع ملا جب محمد رضوان جونیئر نے ہندوستانی سرکل کے اندر گیند اٹھائی اور سامنے صرف گول کیپر ہی تھا۔گول کیپر چکتے نے آگے نکل آئے لیکن رضوان کا شاٹ باہر سے نکل گیا۔ہندوستان نے پہلا گول 18ویں منٹ میں دوسرے پنالٹی کارنر پر کیا جب روپندر کی ڈریگ فلک پر گیند گول کے اندر اندر چلی گئی۔روپندر کا یہ 11واں گول تھا۔اس کے تین منٹ بعد نکن نے سردار سنگھ سے گیند لے کر تلوندر سنگھ کو پاس دیا،تلوندر اپنی ریورس ڈرائیو پر قابو نہیں رکھ سکے اور گیند کراس بار کے اوپر سے نکل گئی۔تجربہ کار مڈفیلڈر سردار سنگھ نے 23ویں منٹ میں ہندوستان کی برتری دگنی کرنے میں محرک کا کردار ادا کیا۔انہوں نے دائیں فلیک سے سرکل کے اندر اندر گیند رمندیپ سنگھ کو سوپی جس کراس کو ڈفلیکٹ کرکے یوسف نے ہندوستان کو 2.0سے آگے کر دیا۔دو گول گنوانے کے بعد پاکستان نے جوابی حملے تیز کئے اور 26ویں منٹ میں بلال نے پنالٹی کارنر پر اس کا پہلا گول کیا۔اس کے بعد 38ویں منٹ میں ہندوستانی ڈیفنس کے بکھرنے کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کے لیے علی نے دوسرا گول داغا۔ہندوستان کا ایک گول 40ویں منٹ میں خراب ہو گیا جب ویڈیو امپائر نے سرکل کے باہر سے کوتھاجیت سنگھ کا گول ’’کلین‘‘ہونے سے انکار کر دیا۔ہندوستان نے 51ویں منٹ میں ایک بار پھر سبقت بنا لی جب سردار نے تھمیا گیند سونپی جس نے پاکستانی گول کیپر فرید احمد کو چھکاکر گول داغا۔پاکستان کو دو منٹ بعد دوسرا پنالٹی کارنر ملا لیکن اس پر گول نہیں ہوسکا۔