ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹیپوجینتی پر تنازعہ، بی جے پی کو زیب نہیں دیتا:کھرگے

ٹیپوجینتی پر تنازعہ، بی جے پی کو زیب نہیں دیتا:کھرگے

Tue, 01 Nov 2016 12:25:01    S.O. News Service

بنگلورو۔31؍اکتوبر(ایس او نیوز)پارلیمان میں کانگریس کے اپوزیشن لیڈر ملیکارجن کھرگے نے آج کے پی سی سی دفتر پر شریمتی اندرا گاندھی کی 32؍ویں برسی تقریب میں شرکت کے موقع پر نامہ نگاروں سے ملاقات کے دوران کہاکہ کرناٹک کی کانگریس حکومت نے اس ملک کی جنگ آزادی کے لئے سب سے پہلے شہیدؒ ہونے والے بادشاہ ٹیپو سلطانؒ کی جینتی سرکاری پیمانے پر منانے کا جو اعلان کیا ہے اس کی مخالفت کرنا بی جے پی اور آر یس یس والوں کو زیب نہیں دیتا۔ افسوس کہ ملک کی آزادی کے لئے اپنی جان قربان کرنے والی کسی عظیم ہستی کو ذات پات اور ہندو مسلمان کے نام پربھید بھاؤ کرکے فرقہ پرستی کو بڑھاوا دینا کسی کے لئے شان کی بات نہیں ہے۔ بی جے پی اور آر یس یس یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ گزشتہ سال ٹیپوجینتی کے موقع پر جو فسادات ہوئے تھے ایسے حالات دوبارہ پیدا ہوسکتے ہیں اور اس لئے وہ اس کی مخالفت کررہے ہیں یہ کوئی جواز نہیں ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قانون ونظم وضبط کی صورتحال کو قابو میں رکھنے ایسے شرپسندوں کی سازشوں کو ناکام بنانے ٹھوس اقدامات کرے۔ ریاست میں کئی مہمان پرشوں کی جینتی تقریبات سرکاری سطح پر برسوں سے منائی جارہی ہیں اسی طرح سے حکومت کی جانب سے ٹیپوجینتی منائی جارہی ہے تاکہ اس عظیم شخصیت کو ان کی قربانیوں کے لئے خراج عقیدت پیش کیا جاسکے لیکن بی جے پی بلاوجہ تنازعہ کھڑا کررہی ہے ایسی حرکت نہ کرنے کی انہوں نے اپیل کی۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل جینتی کے سلسلہ میں کھرگے نے کہاکہ سردار ولبھ بھائی پٹیل ایک بڑے کانگریس لیڈر تھے انہوں نے ملک کے وزیر کی حیثیت سے ملک کی چھوٹی ریاستوں کوآزادی دلوانے میں اہم رول ادا کیاتھا۔ ہندوستان کے بہت سارے علاقوں کو تو 1947ء میں ہی آزادی حاصل ہوئی تھی اس کے بعد سردار پٹیل نے حیدرآباد کرناٹک ،مراٹھواڑہ ، تلنگانہ کو 1948میں آزاد کرایا اور اس علاقہ کے لوگوں کو 1948میں آزادی حاصل ہوئی۔ ان علاقوں میں آج بھی سردار پٹیل کی جینتی شان وشوکت سے منائی جاتی ہے۔ سردار پٹیل نے وزیراعظم نہرو کے ساتھ صوبائی ریاستوں کو راجاؤں اور نوابوں سے آزادی دلانے میں ان کے شانہ بہ شانہ کام کیا تھا۔ 


Share: