ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹرمپ نے اپنے ہوٹل کا افتتاح کیا، طرز تعمیر کی تعریف کی

ٹرمپ نے اپنے ہوٹل کا افتتاح کیا، طرز تعمیر کی تعریف کی

Thu, 27 Oct 2016 16:00:58    S.O. News Service

واشنگٹن ،27؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز پنسلوانیا اوینیو پر واشنگٹن کے اعلیٰ درجے کے اپنے نئے پُرتعیش ہوٹل کا باضابطہ افتتاح کیا، ایسے میں جب وہ وہاں سے چند ہی بلاک دور واقع وائٹ ہاؤس کے عہدے کے لیے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔آٹھ نومبر کے قومی انتخابات میں اب صرف 13دِن باقی ہیں، جن میں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن سے پیچھے ہیں۔ جائیداد کے نامور کاروباری شخص پہلی بار کسی منتخب عہدے کے لیے میدان میں ہیں۔ اُنھوں نے رواں ہفتے اپنا قیمتی وقت ذاتی ملکیت کی تشہیر پر لگایا۔پیر کے روز اُنھوں نے آن لائن ٹرمپ ٹی وی نیوزکاسٹ کا آغاز کیا، جس میں انتخابی مہم کے کارکنان ٹیلی وژن کے اینکر ہوں گے، جب کہ منگل کے روز فلوریڈا میں اپنے متمول طبقے کے گولف رزارٹ کا دورہ کیا، جہاں اُنھوں نے وہاں کام کرنے والے عملے کے ساتھ تصاویر کھچوائیں۔

واشنگٹن کے پرانے علاقے میں واقع ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کا ستمبر میں افتتاح ہوا تھا، اور 2016ء کی صدارتی مہم کے دوران وہ تین بار اس ہوٹل کا دورہ کر چکے ہیں۔ یہ وائٹ ہاؤس سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے، جس کے بارے میں ٹرمپ کی خواہش ہے کہ 20جنوری کو جب صدر براک اوباما اپنی میعاد صدارت مکمل کریں تو وہ اُس عہدے پر فائز ہوں۔اُنھوں نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے بعد یہ نئی ذاتی جائیداد واشنگٹن کے ایک بہترین مقام پر واقع ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ پرانے پوسٹ آفس کے برعکس، اُسی مقام پر تعمیر کردہ اُن کی کمپنی کی یہ بارونق عمارت قابل دید منظر پیش کرتی ہے، جو جھلک عام طور پر سرکاری منصوبوں میں نظر نہیں آتی، جو ہمیشہ بجٹ سے زیادہ اخراجات والے، شڈول سے پیچھے ہوتے ہیں جب کہ اُن میں لگے کل پرزے بمشکل کام کرتے ہیں۔


Share: