اڈپی2؍نومبر (ایس او نیوز)باپ دادا کی وراثت تقسیم کرنے کو لے کر اٹھنے والے جھگڑے میں چھوٹے بھائی کے ہاتھو ں بڑے بھائی کی جان چلی جانے کا واقعہ ہوسانگڈی کے پرڈور نامی گاؤں میں پیش آیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق سادھو موگیر اور منجو ناتھ موگیر اپنی ماں کے ساتھ رہتے تھے۔ سادھو چونکہ بے روزگار تھا اور مالی دشواریوں کا شکار تھا اس لئے بار بار اپنے بڑے بھائی منجو ناتھ(۴۰ سال) سے خاندانی وراثت کو تقسیم کرنے کا مطالبہ کرتاتھا اور آئے دن اس مسئلے پر جھگڑا کھڑا کرتا تھا۔31اکتوبر کی دوپہر کو بھی اس نے لڑائی جھگڑا شروع کیااور پھر طیش میںآکر اس نے ڈنڈے سے منجوناتھ کے سر اور جسم کے دوسرے حصوں پر پیٹنا شروع کیا۔ جس کے بعد منجو ناتھ بے ہوش ہوکر گرپڑا۔ اس جھگڑے کی خبر ملنے پر پڑوسی سندر موگیر نے زخمی منجوناتھ کو ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کروایا مگر اسے بچایا نہیں جاسکا۔
سندر موگیر کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت پر پولیس نے سادھو موگیر کو گرفتار کرلیا ہے۔