منگلورو 4/نومبر (ایس او نیوز) پڈو کوناجے نامی مقام پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران غیر قانونی طور پر جانور لے جانے والوں نے مبینہ طور پر پولیس والوں کو گاڑی سے روندنے کی کوشش کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ بیلتھنگڈی سے شیر تاڈی کی طرف جانوروں کو غیر قانونی طور پر لے جایا جارہا ہے۔ اس کے بعد موڈ بدری سرکل انسپکٹررامچندرا نائک اور تین پولیس اہلکاروں نے رات 4بجے کے قریب پڈو کوناجے کراس پر گاڑیوں کی تلاشی لینی شروع کی۔کہا جاتا ہے کہ ایک کوالیس گاڑی میں موجود ملزموں نے جب پولیس کو دیکھا تووہا ں سے بھاگ نکلنے کی کوشش کی مگر جلد ہی انہوں نے دیکھا کہ ایس آئی دیجپا اور دیگر پولیس والے مرور کراس پر بھی چیکنگ کررہے ہیں۔پھر دوبارہ انہوں نے پڈوکوناجے کراس کی طر ف اپنی گاڑی موڑدی۔جب انسپکٹر رامچندرا نے ان کی گاڑی روکنے کی کوشش کی تو مبینہ طور پر ملزموں نے اپنی کار سے پولیس والوں کو روندنے کی کوشش کی مگر پولیس والے سڑک کے کنارے والے نالے میں کود کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔ اسی وقت انسپکٹر رامچندرا نے ایک راؤنڈ ہوائی فائر کیا تو کوالیس میں موجود ملزمین گاڑی سے کود کر اندھیر ے میں بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران انہوں نے ملزموں کے چہروں کو اچھی طرح پہچان لیا ہے۔ کوالیس کار،2 موبائل فون ضبط کرنے کے علاوہ 7گایوں کو پولس نے برآمد کرلیا ہے۔اس کے علاوہ گاڑی میں ایک جوڑی دستانے بھی پائے گئے ہیں۔
مفرور ملزموں پر پولیس کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے سے روکنے، قتل کی کوشش کرنے،غیر قانونی طور پر جانور لے جانے اور جانوروں پر تشدد کے الزامات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔