امپھال، 9/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) منی پور میں تشدداور کشیدگی کے درمیان سیکوریٹی اہلکاروں کے ہتھیار لوٹنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے جبکہ جیری بام ضلع میں ہوئے تشدد کی حالیہ لہر میں پانچ افراد کی ہلاکت کی خبر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہاں ایک شخص کو سوتے ہوئے بھی قتل کر دیا گیا ہے۔ اس دوران، پولیس نے اطلاع دی کہ کچھ شرپسندوں نے امپھال مشرقی ضلع میں منی پور رائفلز کی دو بٹالین کے اسلحہ خانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، سیکوریٹی فورسیز نے آنسو گیس کے گولے اور خالی راؤنڈ فائر کرکے حملہ آوروں کو منتشر کر دیا۔
میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شام کچھ شرپسندوں نے منی پور رائفلز بٹالین سے ہتھیار لوٹنے کی کوشش کی لیکن مشترکہ سیکوریٹی فورسیز نے شرپسندوں کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔ بعد ازاں جب حفاظتی دستہ کھابیسوئی کے ساتویں بٹالین سے واپس آرہا تھا تو شرپسندوں نے ان پر فائرنگ کرنے کی واردات پیش آئی جس سے ۲؍ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ سینئر افسران نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کرلیا ہے۔ پولیس کی طرف سے پھر ایک بار اپیل کی جارہی ہے کہ قانون کو اپنے ہاتھوں میں لینے کی کوشش نہ کی جائے ، پولس کی طرف سے عوام کو متنبہ بھی کرایا جارہا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث شرپسندوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اوران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دریں اثناء تشدد کے واقعات کے پیش نظر فضائی گشت کیلئے ایک فوجی ہیلی کاپٹر بھی مامور کیا گیا ہے اور شدت پسندوں کے ڈرون کو تباہ کرنے کیلئےاینٹی ڈرون سسٹم کی مدد بھی لی جارہی ہے۔