منگلورو 31/اکتوبر(ایس او نیوز) اکتوبرکے پہلے ہفتے میں کٹیل مندر کے پجاری واسو دیو آسنا کے گھر پر سنسنی خیز ڈاکہ زنی اور زیورات لوٹ لے جانے کے الزام میں سی سی بی اور بجپے پولیس نے مزید چار ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس طرح اس معاملے میں اب تک گرفتار شدگان کی تعداد 9ہوگئی ہے۔
اس سلسلے میں منگلورو پولیس کمشنر چندر شیکھر نے پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات فراہم کیں۔گرفتار شدہ چار ملزمین کی شناخت کارکلا کے بھرت شیٹّی (۰۳ سال)، بنٹوال کے محمد علی (۵۳سال)،ہالے انگڈی کے پرشو تم (۵۴ سال)اور اوچیلا کے ہریش گٹی(۱۴ سال) کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان ملزمین کے پاس سے 455گرام سونے کے زیورات،ایک ریوالور، ایک پستول، ۹ گولیاں،ایک چاپر،ایک بریچ لوڈنگ گن اور ۳ گولیوں کے علاوہ چار موبائل فون ضبط کیے گئے ہیں۔
پولیس کے بیان کے مطابق اس ڈکیتی کے کلید ی ملزم سدھیندرا ایچ کے نے اس ڈاکہ زنی کو انجام دینے کے لئے بھرت شیٹی سے رابطہ قائم کیا تھا۔بھرت شیٹی پہلے سے ہی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ وہ سلیمان مرڈر کیس اور لیو پریرا اغوا کے معاملے میں شامل رہاہے۔ اس پر ممبئی کے وی ٹی پولیس اسٹیشن میں آرمس ایکٹ کے تحت بھی کیس درج ہے۔
کہاجاتا ہے کہ ملزم سدھیندرا اور دیگر نے مل کر اس ڈاکہ زنی کی منصوبہ بندی کی اور ا س کو انجام دینے کا کام لیزو نامی ایک مجرم نے دیگر 6ساتھیوں کے مل پورا کیامگر ابھی تک لیزو کے ساتھی پولیس کے ہاتھ نہیں لگے ہیں۔ البتہ پولیس کہہ رہی ہے کہ ان مفرور ملزموں کے تعلق سے اس کے پاس اہم معلوما ت ہیں جس کی وجہ سے جلد ہی وہ پولیس کے شکنجے میں ہونگے۔اب تک گرفتار شدہ ملزمین میں سرکاری ملازم سریش کمار بھی شامل ہے جو مندر میں پبلک ریلیشن افیسر کی ذمہ داری نبھا رہا تھا۔اس کیس میں مجرمانہ کردار ادا کرنے والے زیادہ تر افراد کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے بڑے بڑے قرضے لے رکھے تھے۔جسے لوٹانے کے لئے انہوں نے اس طرح ڈاکہ زنی کا سہارا لیا تھا پولیس کمشنر نے اس سنسنی خیز لوٹ کے معاملے کوحل کرنے میں پجاری کے خاندان والوں اور عوام کی طرف سے ملنے والے بھرپور تعاون کی سراہنا کی۔اور ملزموں کو تلاش کرنے میں کامیاب ہونے والی ہر ایک ٹیم کو دس ہزار نقد انعام کا اعلان کیا۔