ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / غرب اردن:اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

غرب اردن:اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید

Tue, 01 Nov 2016 10:55:27    S.O. News Service

یروشلم،31؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں اتوار کی شام ایک فلسطینی نوجوان نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے تین اسرائیلی فوجی زخمی کردیے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان نے گوش عتصیون روڈ پر بیت لحم اور الخلیل شہروں کے درمیان اپنی گاڑی سڑک پر کھڑے اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں بارڈر فورس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے۔ اس موقع پرموجود اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہری پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ امدادی کارکنوں اور طبی عملے کو زخمی فلسطینی کے قریب جانے سے روک دیا گیا اور وہ کئی گھنٹے تک بے یارو مدد گار رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔عبرانی اخبار معاریو کی ویب سائیٹ اور نیوز پورٹل وللا کے مطابق فلسطینی نوجوان نے الخلیل کے شمالی قصبے بیت امر میں تین اسرائیلی فوجی کچل ڈالے۔ اس موقع پر ایک فوجی نے حملہ آور فلسطینی پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 23سالہ خلیل خالد علیان اخلیل شہید ہوگیا۔ شہید کا آبائی تعلق بیت امر قصبے سے ہے۔واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔ شہید فلسطینی کا جسد خاکی بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ یکم اکتوبر 2015ء سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ القدس کے دوران اب تک 262 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ ان میں 78فلسطین شہداء کا تعلق الخلیل شہر سے ہے۔ فلسطینیوں کی انفرادی مزاحمتی کارروائیوں کے نتیجے میں 42صہیونی ہلاک اور 680زخمی ہوئے ہیں۔ فدائی حملوں میں 100کارروائیاں گاڑیوں تلے کچلے جانے کی شکل میں کی گئیں۔


Share: