بغداد،3نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق کے شمالی شہر موصل اور نینویٰ کے علاقے میں عراقی فوج اور اتحادی ممالک کے جنگی طیاروں کے فضائی حملوں میں شدت پسند گروپ داعش کو غیر معمولی جانی نقصان پہنچائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز صوبہ نینویٰ میں داعش کے کئی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے گئے جن میں 100سے زاید داعشی جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔عراقی فوج کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی فوج اور اتحادیوں نے پانچ مقامات پر داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔اوبروی نینویٰ ہوٹل پر کی گئی بمباری کے نتیجے میں 68جنگجو ہلاک ہوگئے جب کہ الغابات کے مقام پر دوسرے فضائی حملے میں 29جنگجو ہلاک اور 25زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک فضائی حملہ داعش کے دیوان الجند ہیڈ کواٹر پر کیا گیا جس کے نتیجے میں 10ہلاک اور 15جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔ نینویٰ میں داعش کے ایک اسلحہ ڈپو پرحملے میں 10جنگجو ہلاک اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا ہے۔