چندی گڑھ، 9/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہریانہ اسمبلی انتخابات-2024 کو لے کر سیاسی گہما گہمی تیز ہوگئی ہے۔ اس انتخاب کے لیے کانگریس کے امیدواروں کی لسٹ بھی جاری کر دی گئی ہے جس میں پہلوان ونیش پھوگاٹ کو جولانہ سے ٹکٹ ملا ہے۔ وہ اس وقت ہریانہ اسمبلی انتخابات کے لیے مرکز کشش بنی ہوئی ہیں۔ اس درمیان ونیش پھوگاٹ نے اپنی تشہیری مہم شروع کرتے ہوئے اپنے سسرال بکھتا کھیڑا میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے لوک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی بہت عزت کرتی ہیں۔
اپنے خطاب میں ونیش پھوگاٹ نے کانگریس رہنما کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ دو تین برسوں سے دیکھ رہی ہیں کہ راہل گاندھی سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں، اس دوران وہ ہر آدمی سے بات کر رہے ہیں اور ان کا درد جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا عوام کے تئیں یہ سلوک قابل تعریف ہے جس سے میری نظر میں ان کی عزت کافی بڑھ گئی ہے۔
جولانہ سے امیدوار بنائے جانے پر ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ ہمیں جو ذمہ داری دی گئی ہے اس سے کافی اچھا محسوس ہو رہا ہے اور لوگ بھی بہت پُرجوش ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ہمیں امیدوار کے طور پر یہاں بھیجا ہے، اس لیے لوگ ہمیں پیار دے رہے ہیں اور ہماری حمایت کر رہے ہیں۔ ہمارے لوگ ہمیں کامیاب بنائیں گے اور ان کی نظر میں مَیں فاتح ہوں، اس سے بڑی اور کوئی بات نہیں ہوسکتی۔
اس درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے ہوئی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے ونیش پھوگاٹ نے بتایا کہ ہم جب ان سے ملنے گئے تھے تو انہوں نے کہا "ہم بوڑھے ہو گئے ہیں، اب آپ کو ہی کرنا ہے"۔ ونیش نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اولمپک میں تمغہ جیتنے سے محروم ہونے کے بعد میں پوری طرح ٹوٹ گئی تھی لیکن یہاں لوگوں کا پیار دیکھ کر مجھ میں پھر سے حوصلہ آ گیا۔