بنگلورو،4؍ستمبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی میئر جی پدماوتی نے اشارہ دیا ہے کہ عنقریب شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کی فیس بحال کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہاہے۔ اس سلسلے میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔ بنگلور پریس کلب میں پریس سے ملئے پروگرام سے مخاطب ہوکر میئر نے کہاکہ پے اینڈ پارک کے سلسلے میں عنقریب بی بی ایم پی اپنے فیصلے کا اعلان کرنے والی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے پچھلی میعاد میں جن املاک کو رہن رکھا گیاتھا ،ان کو آزاد کرانے کیلئے کافی جدوجہد کی گئی ہے ۔ عنقریب ان جائیدادوں کو بی بی ایم پی کے قبضے میں واپس لے لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں پلاسٹک پر پابندی کافی سختی سے لاگو کی جاچکی ہے۔ اس میں کسی طرح کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔پابندی کو پامال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہہ کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ جن تاجروں کی طرف سے ممنوعہ پلاسٹک استعمال کیا جائے گا ،ان پر جرمانہ کے ساتھ قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں 16؍لاکھ سے زائد اثاثہ جات ہیں، ان میں سے چار لاکھ اثاثے اب بھی بی بی ایم پی ٹیکس کے دائرہ میں شامل نہیں ہیں۔ان تمام کو ٹیکس کے دائرہ میں لانے کی کوشش کی جائے گی۔شہر کی سڑکوں پر جابجا گھڈوں کے متعلق ایک سوال پر میئر نے کہاکہ ان گڈھوں کو بند کرنے کیلئے حکومت نے 145کروڑ روپے بی بی ایم پی کو مہیا کرائے ہیں۔ ہر وارڈ کیلئے 20لاکھ روپیوں کے حساب سے یہ رقم صرف کی جائے گی۔ شہر میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے اقدامات پر انہوں نے کہاکہ شہر میں زیر زمین پانی کی سطح کو بچانے کیلئے بورویلوں کی کھدائی کی اجازت سخت شرائط کے ساتھ دینے پر غور کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی کی طرف سے پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے ایک خصوصی مہم عنقریب شروع کی جائے گی۔ شہر کے تالابوں ، بڑے نالوں کے اطراف تعمیر شدہ املاک کے انہدام کا دفاع کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ اس انہدامی کارروائی میں بی بی ایم پی نے کسی طرح کا امتیاز نہیں برتا ہے۔جن لوگوں نے بھی قانون کی پامالی کی ہے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ شہر بھر میں پارکوں کو ترقی دینے اور ہر تین گھروں کیلئے ایک درخت لگانے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی نے ہمیشہ سے صاف ستھرے بنگلور کی طرف توجہ دی ہے۔ جہاں بھی بے ترتیبی سے گندگی پھینکی جائے گی ،وہاں گندگی پھینکنے والوں سے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ بی بی ایم پی کیلئے مالی وسال یکجا کرنے پر خصوصی توجہ دینے کا اعادہ کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ شہر میں اثاثہ ٹیکس سے باہر آنے والی جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے عنقریب بی بی ایم پی جی پی ایس میاپنگ طریقۂ کار اپنائے گی۔ میئر نے کہاکہ شہر میں 28 ہزار خاکروبوں کو دوپہر کا کھانا فراہم کرنا ان کا دیرینہ منصوبہ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا 8 نومبر کو اس اسکیم کا رسمی طور پر افتتاح کریں گے۔ میئر کی ایک سالہ میعاد کو شہر کی ترقی کیلئے کام کرنے کی غرض سے پدماوتی نے ناکافی قرار دیا اور کہاکہ اتنی قلیل مدت میں کوئی بھی میئر شہر کو ترقی دلانے کیلئے کچھ نہیں کرپائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر آنند ، حکمران پارٹی لیڈر ستیہ نارائن ، پریس کلب کے چیرمین شری دھر ، جنرل سکریٹری شیوپرکاش اور دیگر لیڈران موجود تھے۔